0
Monday 29 Dec 2014 12:44

ایم کیو ایم کیجانب سے پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت پر سنگین الزامات افسوسناک ہیں، شرجیل میمن

ایم کیو ایم کیجانب سے پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت پر سنگین الزامات افسوسناک ہیں، شرجیل میمن
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ٹمبر مارکیٹ میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، اس حوالے سے کمشنر کراچی کی سربراہی میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی، ٹمبر مارکیٹ میں آتشزدگی کا واقعہ افسوسناک ہے، جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت پر سنگین الزامات لگائے گئے، جو کہ افسوس ناک ہیں، کیا کبھی شہر میں بڑے واقعات اور حادثات پر ایم کیو ایم کے وزرا نے استعفیٰ دیا، جو وہ پیپلز پارٹی سے استعفوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ہمارے نمائندے جائے وقوعہ پر صبح 5 بجے پہنچ گئے تھے، اگر سرکار سوئی ہوئی تھی تو بتایا جائے کہ آگ کس نے بجھائی، جبکہ ٹمبر مارکیٹ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا حلقہ ہے، اور وہ صبح ساڑھے دس بجے وہاں پہنچے، اس وقت تک 58 فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے 11 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا تھا، تاہم اس واقعہ پر کسی کو سیاست نہیں چمکانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وقت پر انتظامیہ نہ پہنچتی تو جانی نقصانات کا بھی خدشہ تھا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے اس نان ایشو کو ایشو بنانا مناسب نہیں، مانتا ہوں کہ مختلف محکموں میں خامیاں موجود ہیں لیکن اگر ان کی تفصیلات میں گیا تو ہمارے دوست ناراض ہو جائیں گے، جبکہ خود ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کہہ چکے ہیں کہ کچھ ملازمین دفتر نہیں جاتے اور تنخواہیں وصول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل بھی کراچی میں اپنی ذمہ داری کو تسلیم کرتے تھے اور آج بھی کرتے ہیں، اسی لئے سرکاری محکموں میں گھوسٹ ملازمین کے خلاف کارروائی شروع کر رکھی ہے، اور اس کارروائی کے دوران واٹر بورڈ، کے ایم سی، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر محکموں سے گھوسٹ ملازمین کو فارغ کیا جا چکا ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ گوڈ گورننس کے لئے ایم کیو ایم کی مدد درکار ہے، اور ان سے اپیل ہے کہ ایسے ملازمین جو دفتروں میں آئے بغیر تنخواہیں وصول کر رہے ہیں انہیں ہٹانے کے لئے مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہیں کہ ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت اس میں تعاون کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 428921
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش