0
Monday 29 Dec 2014 18:59

گیس کے بحران پر قابو پانے کے لیے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کے معاہدے کو پورا کیا جائے، امیر جماعت اسلامی

گیس کے بحران پر قابو پانے کے لیے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کے معاہدے کو پورا کیا جائے، امیر جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں رکشہ ریلی کی قیادت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے غربت اور استحصالی نظام کو ختم کرنا ہو گا، یہاں سیاسی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ معاشی دہشت گردی بھی جاری ہے، نجات کیلئے عوام کو باہر نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مزدور اور محنت کش پاکستان کو سنوارنے میں مصروف ہیں، مزدوروں کی خون پسینے کی کمائی ہمیشہ سے اقتدار پر قابض لٹیرے اپنے بیرونی اکائونٹس میں منتقل کرتے چلے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا جس نے غریب محنت کش کے گریبان پر ہاتھ ڈالا اس کا گریبان میں خود پکڑوں گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں گیس کے بحران پر قابو پانے کے لیے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کے معاہدے کو پورا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی رکشہ یونین پاکستان کی جانب سے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ مطالبات کے حق میں رکشہ یونین کی جانب سے نکالی گئی ریلی ناصر باغ سے شروع ہوئی اور چیئرنگ کراس پر جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے رکشہ میں سوار ہو کر عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجیدغوری کے ساتھ ریلی کی قیادت کی۔

ریلی سے خطاب کر تے ہو ئے امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا رکشہ ڈرائیورز کا دوہرے چالان کا نظام ختم کیا جائے، ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کر کے اسے 96 روپے فی کلو کے عالمی ریٹس کے مطابق کیا جائے۔ اس موقع پر چیئرمین عوامی رکشہ یونین مجید غوری نے مطالبہ کیا کہ رکشہ ڈرائیورز سے پرچی کے نام پر بھتہ کی وصولی فوری ختم کی جائے، رکشہ سٹاپ اور اڈے مہیا کئے جائیں، رکشہ ڈرائیوروں کو ان کے گھر کی دہلیز پر ڈرائیونگ لائسنس مہیا کئے جائیں اور ڈرائیوروں پر بنائے گئے ناجائز مقدمات فوری ختم کئے جائیں۔ مجید غوری نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ہم اپنے خاندانوں سمیت گورنر ہائوس کے سامنے خیمے لگا کر دھرنا دیں گے اور سراج الحق ہمارے مہمان ہوں گے، جس پر امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آپ گورنر ہائوس کے بجائے وزیراعلیٰ ہائوس یا وزیراعظم ہائوس کے سامنے دھرنا دیں تو میں آپ کا میزبان بنوں گا۔ عوامی حقوق ریلی میں تاحد نظر موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی قطاریں تھیں ۔ جلسہ سے میاں مقصود احمد ، خلیق احمد بٹ ، صدر عوامی رکشہ یونین حافظ مظہر گیلانی اور شباب ملی لاہور کے صدر عابد میر نے بھی خطاب کیا ۔ سراج الحق
خبر کا کوڈ : 429021
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش