0
Wednesday 31 Dec 2014 11:20

پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں کے 10سال

پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں کے 10سال
اسلام ٹائمز۔ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی جانب سے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کو 10 سال پورے ہو گئے، سال 2014ء کے دوران 25 ڈرون حملوں میں 153 افراد ہلاک ہوئے جب کہ اب تک 416 ڈرون حملوں میں ساڑھے 3 ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔ ڈرون حملوں اور پاکستان میں ریاست مخالف تشدد پر نظر رکھنے والے ادارے کانفلیکٹ مانیٹرنگ سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستانی سرزمین پر اپنے اہداف کو نشانہ بنانے کا سلسلہ 2014ء میں بھی جاری رکھا اور 25 ڈرون حملوں میں 153 افراد کو ہلاک اور ۷۴ افراد کو زخمی کیا۔

سی آئی اے نے 25 دسمبر 2013ء کے بعد تقریبا 6 ماہ تک ڈرون حملوں میں وقفہ کیا۔ تاہم آپریشن ضرب عضب شروع ہونے سے 4 دن پہلے پھر ڈرون حملے شروع کر دیے جو آپریشن کے دوران بھی جاری رہے جس پر پاکستانی حکومت نے شدید احتجاج کیا ہے کیونکہ ریاست کے خلاف برسرپیکار جنگجو ڈرون حملوں کو اپنی پرتشدد کارروائیوں کے لیے جواز کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے یہ واضح کرنے کے باوجود کہ آپریشن ضرب عضب بلاامتیاز تمام جنگجو گروپوں بشمول حقانی نیٹ ورک کے خلاف ہو رہا ہے۔ سی آئی اے علیحدہ طور پر اپنے اہداف کا پیچھا کرتی رہی۔

ڈرون حملوں کے پیٹرن سے ظاہر ہوتا ہے کہ سی آئی اے نے اپنی ترجیحات کو پیش نظر رکھا اور تحریک طالبان پاکستان کو بہت کم نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ 25 ڈرون حملوں میں سے ٹی ٹی پی کے خلاف صرف 2 حملے کیے گئے جبکہ القاعدہ کیخلاف 4، حافظ گل بہادر گروپ کیخلاف 2، حقانی نیٹ ورک کیخلاف 4، اسلامک موومنٹ آف ازبکستان کیخلاف 5 جبکہ پنجابی طالبان، مولوی نذیر گروپ اور جنداللہ کیخلاف ایک ایک ڈرون حملہ کیا گیا جبکہ 5 ڈرون حملے کے اصل ہدف کا علم نہ ہو سکا۔ 2014ء میں ڈرون حملوں میں مارے جانے والے 153 میں سے صرف 34 افراد کی شناخت ہو سکی ہے۔ دیگر سب مشتبہ جنگجو قرار دیے گئے ہیں۔

سی ایم سی کے اعداد وشمار کے مطابق ماسوائے 3 ڈرون حملوں کے تمام حملے شمالی وزیرستان میں کیے گئے۔ جنوبی وزیرستان میں 2 جبکہ خیبر ایجنسی میں ایک ڈرون حملہ کیا گیا۔ افغانستان میں نئی حکومت کی طرف سے امریکی فوج کو ملک میں مزید قیام کی اجازت دینے والے باہمی سلامتی معاہدے کے بعد ڈرون حملوں میں یکدم تیزی دیکھنے میں آئی۔2004ء سے اب تک امریکا پاکستانی سرزمین پر مجموعی طور پر 416 ڈرون حملے کیے ہیں جن میں 3459 افراد مارے جا چکے ہیں۔
صحافی : سید راشد حیدر
خبر کا کوڈ : 429390
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش