0
Friday 2 Jan 2015 10:48

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو گورنری سے ہٹانے، رانا ثناء اللہ کو وزارت دینے کا فیصلہ

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو گورنری سے ہٹانے، رانا ثناء اللہ کو وزارت دینے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ حکومت کی قوت برداشت جواب دے گئی، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے حکومت کی کوتاہیوں اور ناکامیوں پر مسلسل تنقید کے بعد انہیں گورنر شپ سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ جبکہ پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور حکومت کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے اور حکومت کی کوتاہیوں کو نمایاں کرنے میں بھی ان کا اہم کردار ہے، جس پر وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف اور وزیراعظم میاں نواز شریف نے متفقہ طور پر گورنر پنجاب کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سے قبل وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا تھا، اسے بھی واپس لے لیا گیا ہے، تاہم 3 اہم وزارتوں پر نئے وزراء لگائے جاسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلٰی پنجاب نے رانا ثناء اللہ کو بھی وزارت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور وزیراعظم نے بھی اس بات کی تائید کر دی ہے کہ رانا ثناءاللہ کو وزارت دی جائے، تاہم اس بات کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا کہ انہیں کون سی وزارت دی جائے گی۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد رانا ثناءاللہ سے وزارت قانون کا قلمدان واپس لے لیا گیا تھا، اس کے باوجود وہ وزیر کا پروٹوکول اور اختیارات استعمال کر رہے تھے۔ اب انہیں باقاعدہ وزارت دے دی جائے گی۔ دوسری جانب گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لاہور کینٹ میں محمد اکرم چوہدری کی رہائش گاہ پر سینیئر صحافیوں کے اعزاز میں کھانے کی دعوت میں ’’اسلام ٹائمز‘‘ کے اس سوال پر کہ آپ کو ہٹایا جا رہا ہے، کے جواب میں کہا کہ ان باتوں میں کوئی صداقت نہیں، میں ہی گورنر ہوں۔ گورنر پنجاب نے اپنے سابق موقف کو ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں حکومت نے وہ کام نہیں کیا، جس کی وہاں ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ مجھے گورنری سے نہیں ہٹایا جا رہا ہے، میں اپنا کام کر رہا ہوں، میرا ضمیر مطمئن ہے۔ ادھر پنجاب حکومت نے سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کو گرین سگنل دیا ہے کہ 2 ماہ کے لئے گورنر شپ کی تیاری کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا محمد اقبال خان کو 2 ماہ کے لئے قائم مقام گورنر پنجاب بنانے کے بعد لاہور کی ایک اہم شخصیت کو گورنر بنا دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 429705
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش