QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، بارہ ربیع الاول کا سکیورٹی پلان جاری، شہر پانچ سیکٹر میں تقسیم

2 Jan 2015 17:33

اسلام ٹائمز: جشن عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر شہر میں کل اٹھارہ جلوس نکالے جائیں گے، جن کے متصل راستوں کو سیل کرکے کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی، بم ڈسپوزل سکواڈ، سراغ کتوں کی مدد سے راستوں کو کلیئر کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں جشن عیدمیلاد النبی (ص) کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی پلان جاری کردیا ہے۔ ڈی پی او ڈیرہ صادق حسین بلوچ کی جانب سے اعلان کردہ سکیورٹی پلان کے مطابق ضلع بھر کو پانچ سیکٹرز میں تقسیم کر دیا گیا۔ ہر سیکٹر کا انچارج ڈی ایس پی اور ہر دو سیکٹرز پر ایک ایس پی انچارج ہو گا۔ بارہ ربیع الاول کے روز ڈیرہ شہر سے دو، پہاڑپور سے نو، کلاچی سے تین، یارک سے دو اور پروآ سے دو رجسٹرڈ روایتی جلوس نکالے جائینگے۔ ہر جلوس کے راستوں کو سیل کیا جائیگا۔ جلوس کے ہمراہ پولیس کے علاوہ بم سکواڈ، سراغ رساں کتے اور سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکار تعینات ہونگے۔ مختلف مقامات پر ناکے لگائے جائینگے اور امن و امان کے قیام کیلئے پولیس لائن میں پولیس کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ جلوسوں کی خفیہ کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائیگی۔ دیو بند مسلک کا جلوس ڈسٹرکٹ تنظیم اہلسنت کے زیر اہتمام حقنواز پارک سے صبح آٹھ بجے نکالا جائیگا، جو توپانوالہ بازار، رحیم بازار، گھاس منڈی موڑ، چوگلہ اور مسلم بازار سے ہوتا ہوا ایک بجے میدان حافظ جمال پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ اسی طرح بریلوی مسلک کا جلوس اہلسنت والجماعت بریلوی کے زیر اہتمام تاج مسجد ٹاؤن ہال سے صبح نو بجے شروع ہو کر جی پی او موڑ سے لیاقت پارک پہنچ کر ایک بجے اختتام پذیر ہو گا۔ جہاں جلسہ ہو گا اور خیرات تقسیم کی جائیگی۔ ڈی پی او ڈیرہ صادق حسین بلوچ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ اگر عوام کا تعاون اسی طرح ہمارے ساتھ رہا، تو انشاء اللہ قانون شکن عناصر کبھی بھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔


خبر کا کوڈ: 429780

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/429780/ڈی-آئی-خان-بارہ-ربیع-الاول-کا-سکیورٹی-پلان-جاری-شہر-پانچ-سیکٹر-میں-تقسیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org