QR CodeQR Code

ملک بھر میں عید میلادالنبی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

3 Jan 2015 09:54

اسلام ٹائمز:.گلی محلوں میں محافل ، فضاؤں میں نعتوں کی گونج، جگہ جگہ سبز جھنڈوں کی بہار ہے،12 ربیع الاول قریب آرہی ہے۔ عقیدت مندوں کے جوش میں اضافہ ہو گیا۔ کراچی میں گلی محلوں کو برقی قمقموں، سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا جارہا ہے۔ رات میں یہ سجاوٹ دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ہر شخص اپنے طور پر عید میلا د النبی (ص) منانے کی تیاریاں کر رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں عید میلاد النبی (ص) کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری ہیں۔ مساجد، گھروں، گلی محلوں اور اہم شاہراہوں اور اونچی عمارتوں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈوں سے سجا دیا گیا ہے۔ مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔ حیدرآباد میں 12ربیع الاول کی تیاریاں زوروں پر ہیں، شہر کی بیشتر مساجد، عمارتوں اور گھروں پر سبز جھنڈے لہرا رہے ہیں۔ بعد نماز جمعہ مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ سکھر میں بھی مساجد کو برقی قمقموں سے روشن کر دیا گیا۔ عاشقان رسول 12 ربیع الاول کی تیاریوں میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔ گلی محلوں میں محافل ، فضاؤں میں نعتوں کی گونج، جگہ جگہ سبز جھنڈوں کی بہار ہے،12 ربیع الاول قریب آرہی ہے۔ عقیدت مندوں کے جوش میں اضافہ ہو گیا۔ کراچی میں گلی محلوں کو برقی قمقموں، سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا جا رہا ہے۔ رات میں یہ سجاوٹ دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ ہر شخص اپنے طور پر عید میلاد النبی (ص) منانے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ کراچی میں عاشقانِ رسول (ص) نے گلیوں،محلوں، بازاروں اور مساجد کو برقی قمقوں سے اس طرح سجایا ہے کہ ہر آنکھ کچھ دیر کے لئے اسے دیکھنے پر مجبور ہو جاتی ہے۔ بہت سے لوگوں نے اپنے گھر سبز روشنیوں سے سجائے ہیں۔ یہی نہیں بعض لوگوں نے تو اپنی گاڑیوں پر رنگ برنگی لائٹوں کے ذریعے نعلین پاک کی شبیہ بنائی ہے۔

میرپور خاص کے مختلف علاقوں، گلی محلوں کے علاوہ گھروں اور دکانوں کو بھی آرائشی محرابوں اور برقی قمقموں سے خوبصورتی سے جگما دیا گیا ہے۔ نواب شاہ میں بھی سبز جھنڈوں، جھنڈیوں کی بہار ہے۔ گھوٹکی، ڈہرکی، میرپور ماتھیلو اور اوباڑو میں بھی میلادالنبی(ص)  کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں۔ جیکب آباد اور ٹنڈو الہٰ یار میں رنگ برنگی لائٹوں سے مساجد کو دلکش اندازسے بقعہ نور بنا دیا گیا جبکہ محافل نعت کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ ملتان میں بازار، گلیاں چھوٹی چھوٹی لائٹوں، سبز جھنڈیوں سے سجا دی گئی ہیں۔ بہاول پور میں بھی مساجد اور عمارتیں سج گئیں، گھروں کو بھی لائٹوں سے روشن کر دیا گیا۔ رحیم یار خان اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے دیگرشہروں میں بھی میلاد النبی (ص) کی تیاریاں عروج پر ہیں۔


خبر کا کوڈ: 429894

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/429894/ملک-بھر-میں-عید-میلادالنبی-کی-تیاریاں-عروج-پر-پہنچ-گئیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org