0
Friday 5 Nov 2010 21:23

پشاور،بڈھ بیر،مسجد پر حملہ دستی بموں سے حملہ،پیش امام سمیت 5 افراد شہید،30 زخمی

پشاور،بڈھ بیر،مسجد پر حملہ دستی بموں سے حملہ،پیش امام سمیت 5 افراد شہید،30 زخمی
پشاور:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر کے گاؤں سلیمان خیل  کی مسجد میں  نماز عشاء  کے دوران دھماکے ہوئے،جس کے نتیجے میں 5 نمازی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے،زخمیوں کو فوری طور پر بذریعہ ایمبو لینس لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ اس سے پہلے شہر بھر کے تمام اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی تھی اور جائے وقوعہ کا محاصرہ کر لیا گیا اور کسی بھی شخص کو آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔جبکہ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ شر پسندوں کی جانب سے دستی بموں سے کیا گیا۔ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت مسجد میں 60 سے 70 نمازی موجود تھے،دھماکے کے بعد پشاور سمیت نواحی گاؤں کی سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی اور جگہ جگہ پر ناکے لگا کر آنے جانے والے ہر شخص کی تلاشی لی جاتی رہی،تاہم اس دور ان کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔دریں اثناء وزیراعظم نے ان واقعات کی رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ وزیر داخلہ نے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا حیدر خان ہوتی،گورنر اویس غنی،نواز شریف،ڈاکٹر فہمیدہ مرزا،فاروق ایچ نائیک،مولانا فضل الرحمن،منور حسن،الطاف حسین اور دیگر رہنماوٴں نے دہشت گردی کے ان واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔صدر زرداری نے اپنے پیغام میں واقعات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ،اس لعنت کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔
وقت نیوز کے مطابق پشاور کے نواحی علاقہ بڈھ بیر میں نماز عشاء کے دوران مسجد میں دھماکہ کے نتیجہ میں بچوں سمیت 5 افراد شہید اور 30 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔بڈھ بیر کے گاوں سلیمان خیل کی مسجد میں 70 سے زائد نمازی عشاء کی نماز ادا کر رہے تھے کہ اس دوران زور دار دھماکے ہوئے،جس کے نتیجہ میں مسجد کی عمارت کو نقصان پہنچا۔زخمیوں کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا،جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ایس ایس پی آپریشنز پشاور اعجاز خان کے مطابق دھماکے مسجد میں تین دستی بم پھینکنے کے نتیجہ میں ہوئے۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار اور بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔آئی این پی کے مطابق ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے،جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔جی این آئی کے مطابق دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
خبر کا کوڈ : 43027
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش