QR CodeQR Code

حضرت محمدؐ کی ذات گرامی امت مسلمہ کے اتحاد میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے، سید ارسلان

4 Jan 2015 16:19

اسلام ٹائمز: اپنے ایک بیان میں جے ایس او پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے صدر کا کہنا تھا کہ حضرت محمدؐ کی ذات اقدس تمام مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے اور آپؐ کی ذات سے ہدایت لیتے ہوئے تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ اپنے فروعی اختلافات کو بھول کر امت واحدہ ہونے کا ثبوت دیں۔


اسلام ٹائمز۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے صدر سید ارسلان نے راولپنڈی سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج 12 ربیع الاول سے ہفتہ وحدت کا آغاز ہو رہا ہے۔ تمام مسلمان رسول گرامی قدر کی ذات اقدس کی ولادت کی خوشی میں سرشار ہیں اور اپنے اپنے طریقے سے جشن منا رہے ہیں۔ اس پر مسرت موقع پر تمام مسلمانوں کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حضرت محمدؐ کی ذات اقدس تمام مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہے اور آپؐ کی ذات سے ہدایت لیتے ہوئے تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ اپنے فروعی اختلافات کو بھول کر امت واحدہ ہونے کا ثبوت دیں اور یک جان ہو کر استعماری طاقتوں کی سازشوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اسلام کی سربلندی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے 12 ربیع الاول سے لے کر 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت کا اعلان کرکے مسلمانوں کے درمیان اختلافات کو فروغ دینے والوں کے منہ پر ایک طمانچہ رسید کیا۔ رسول گرامی قدر کی ذات اس قدر بلند ہے کہ ان کی ولادت کی خوشی میں ایک یا دو دن نہیں بلکہ پورا ہفتہ خوشیاں منانی چاہیے اور پورا ہفتہ سیمینارز کا انعقاد کرنا چاہیے۔
 

سید ارسلان کا کہنا تھا کہ طلباء کسی بھی قوم کے لئے امید کی کرن ہوتے ہیں اور قوموں کا عروج و زوال انہی طلباء کی کارکردگی پر منحصر ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں اب تعلیمی اداروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا شروع کر دیا گیا ہے۔ رسول اکرمؐ کی سیرت گرامی تو ہمیں یہ بتاتی ہے کہ انہوں نے قیدیوں کو اس شرط پر چھوڑنے کا اعلان کیا کہ اگر وہ دو افراد کو پڑھنا لکھنا سکھا دیں تو انہیں آزادی مل جائے گی۔
ان دہشت گردوں نے تعلیمی ادارے پر حملہ کرکے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ان کا اسلام اور رسولؐ سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ یہ کسی اور ایجنڈا کے تکمیل کر رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتی سکیورٹی ادارے اس امر کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل بنائیں اور اس کی تکمیل پر جنگی بنیادوں پر کام کریں۔


خبر کا کوڈ: 430277

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/430277/حضرت-محمد-کی-ذات-گرامی-امت-مسلمہ-کے-اتحاد-میں-کلیدی-حیثیت-رکھتی-ہے-سید-ارسلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org