0
Sunday 4 Jan 2015 23:04

عید میلاد النبی، ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں استقبالیہ کیمپ اور سبیلیں لگائی گئیں

عید میلاد النبی، ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں استقبالیہ کیمپ اور سبیلیں لگائی گئیں
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پرملک بھر کی طرح ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں 12 ربیع الاول کے جلوسوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے اسقبالیہ کیمپ، پانی اور چائے کی سبیلیں لگائی گئیں۔ ملتان میں امام بارگاہ حسین آباد دولت گیٹ ملتان پر مرکزی استقبالیہ کیمپ، چائے اور پانی کی سبیل لگائی گئی۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے استقبالیہ کیمپ کا خصوصی دورہ کیا۔ استقبالیہ کیمپ مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی کی قیادت میں لگایا گیا۔ کیمپ میں بین المذاہب امن کمیٹی پنجاب کے کوارڈینیٹر علامہ غلام مصطفی انصاری، مولانا عمران ظفر، ثقلین نقوی، سید دلاور عباس زیدی، وسیم زیدی، ثمر عباس کھوکھر اور دیگر موجود تھے۔

استقبالیہ کیمپ میں موجود علمائے کرام اور رہنمائوں نے جشن میلا دالنبی کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوسوں کو خوش آمدید کہا اور اُنہیں سبیل کرائی۔ ممبر صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری نے کیمپ کا خصوصی دورہ کیا اور مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ کو حقیقی معنوں میں شیعہ سنی اتحاد کا نمونہ قرار دیا۔ استقبالیہ کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار نقوی اور قاضی نادر حسین علوی کا کہنا تھا کہ نبی اکرم کی تعلیمات کائنات کے لیے مشعل راہ ہیں۔ ملتان کے علاوہ خانیوال میں مرکزی امام بارگاہ کے سامنے جلوسوں کے شرکاء کو خوش آمدید کہنے کے لیے استقبالیہ کیمپ لگایا گیا، مظفرگڑھ، خان گڑھ، علی پور، کوٹ ادو، راجن پور، جام پور، لیہ، بھکر، کروڑ لعل عیسن، چوک اعظم، کبیروالا، شجاع آباد، جلال پور میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام استقبالی کیمپ لگائے گے۔ دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین 12ربیع الاول سے 17ربیع الاول تک ہفتہ وحدت کی مناسبت سے منا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 430322
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش