0
Sunday 4 Jan 2015 23:04

جے ایس او ملتان کا دو روزہ ڈویژنل کنونشن، ذیشان شمسی نئے میر کارواں منتخب

جے ایس او ملتان کا دو روزہ ڈویژنل کنونشن، ذیشان شمسی نئے میر کارواں منتخب
اسلام ٹائمز۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، ملتان ڈویژن کادو روزہ نواں ''تعمیرِ سیرت و ارتقائِ پاکستان ڈویژنل کنونشن'' مرکزی مسجد و امام بارگاہ کربلا شریف جتوئی میں منعقد ہوا۔ جس میں تحریک جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ٹیلیفونک خطاب اور مرکزی رکنِ نظارت علامہ سید احسان علی اتحادی، مرکزی جنرل سیکرٹری JSO عمران جواد، سابق ڈویژنل صدر ذیشان حیدر، ضلعی جنرل سیکرٹری سید علی قاسم نقوی، نو منتخب ڈویژنل صدر سید ذیشان شمسی، سینئر برادر ساجد علی بھٹی، علامہ صادق علی نجفی، علامہ حسنین قمی اور دیگر سینئر تنظیمی عہدیداران نے خطاب کیا۔

کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی تعلیم پر توجہ دینے اور اپنی اخلاقی تربیت کو بہتر بنانے کی نصیحت فرمائی۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ جب تک نوجوانوں کی تربیت بہتر نہیں کی جائے گی تب تک جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ایک مثالی تنظیم نہیں بن سکتی اور ایک جعفری نوجوان ہوتے ہوئے ہمارے اندر سے کربلا کا عکس نظر آنا چاہیے۔ علامہ احسان اتحادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں مفاد پرستی اور عہدہ پرستی جیسی خطرناک بیماریوں کو تنظیم سے دور رکھنا چاہئے کہ تنظیمی فعالیت میں کسی قسم کی رُکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جے ایس او پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری نے خطاب میں کہا کہ ہمیں معاشرے میں اپنا اہم کردار ادا کرنے پر زور دینا ہو گا اور محنت اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو نبھانا ہوگا۔ سابق ڈویژنل صدر ذیشان حیدر نے اپنا استیفیٰ پیش کیا اور اپنے الوداعی کلمات میں کہا کہ میں اپنے دور میں وہ حق تو ادا نہ کر سکا جتنی بڑی ذمہ داری تھی جس کے لئے میں بارگاہِ امامِ زمانہ میں معافی کا طلبگار ہوں اور میں دعا کے ساتھ ساتھ اُمید کرتا ہوں کہ نئے منتخب ڈویژنل صدر اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں گے اور تمام دوستوں سے التماس کرتا ہوں کہ جس طرح میرے ساتھ تعاون جاری رکھا اُسی طرح نئے ڈویژنل صدر سے بھی تعاون کریں گے۔ کنونشن کے اختتام پر نئے ڈویژنل صدر کا انتخاب کیا گیا جس میں سید ذیشان شمسی نئے میرِ کارواں منتخب ہوئے، علامہ احسان علی اتحادی نے حلف لیا۔ نومنتخب صدر نے اپنے ابتدائی کلمات میں نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا اور یہ عظم ظاہر کیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں تنظیمی فعالیت کیلئے صَرف کریں گے اور تنظیم کو ایک مثالی تنظیم بنانے کیلئے شب و روز محنت کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 430323
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش