QR CodeQR Code

کوئٹہ جانے کیلئے پرامن راستہ استعمال کرنے سے روکا جارہا ہے، حاجی دولت خان

5 Jan 2015 19:06

اسلام ٹائمز: ڈی آئی خان میں مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سدا بہار ٹرانسپورٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو کا کہنا تھا کہ ہم نے ۲۰ عدد روٹ پرمٹ حاصل کر رکھے ہیں، جن میں پاک فوج، ایف۔سی، لیویز، سرکاری ملازمین تاجر اور ایران جانے والے زائرین روزانہ سفر کر رہے تھے، لیکن چند شر پسند عناصر نے شیرانی جیسے پرامن علاقے کا راستہ بند کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیف ایگزیکٹیو سدابہار ٹرانسپورٹ کمپنی، حاجی دولت خان لہٹری نے کہا ہے کہ شورش زدہ درہ بولان سبی (بلوچستان) کے قریب اب تک دہشت گرد ۱۱۴ معصوم اور بے گناہ مسافروں کو بسوں سے اتار کر قتل کر چکے ہیں اور اب بھی حالات انتہائی کشیدہ ہیں، لیکن اسکے باوجود ہمیں پشاور سے براستہ ڈی آئی خان، ژوب، کوئٹہ جانے کے لئے پر امن اور نزدیک ترین راستے کو استعمال کرنے سے روکا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک درازندہ اور مغل کوٹ کے درمیان متعدد بار گاڑیوں پر فائرنگ کر کے مسافروں کو زخمی کرنے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند شر پسند عناصر نے شیرانی جیسے پرامن علاقے کو بدنام کرکے راستے بندکر دیئے ہیں۔ یہ شاہراہ بند ہونے سے زائرین اور مسافر خطرناک روٹ استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے خصوصی طو پر حکومت پاکستان سے مسافروں کو بحفاظت اور کم سے کم وقت میں پہنچانے کے لئے ۲۰ عدد روٹ پرمٹ حاصل کر رکھے ہیں۔ جن میں پاک فوج، ایف۔سی، لیویز، سرکاری ملازمین تاجر اور ایران جانے والے زائرین روزانہ سفر کر تے ہیں، لیکن چند شر پسند عناصر شیرانی جیسے پرامن علاقہ کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں، اور پشاور ڈیرہ ژوب کوئٹہ جیسی اہم ترین شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر رکھا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، وفاقی اور صوبائی وزیر مواصلات اور وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی مداخلت کرکے مذکورہ بین الاصوبائی اہم شاہراہ کو کھلوانے کے لئے احکامات صادر کریں تاکہ تمام مسافر بحفاظت اور کم وقت میں اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔


خبر کا کوڈ: 430530

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/430530/کوئٹہ-جانے-کیلئے-پرامن-راستہ-استعمال-کرنے-سے-روکا-جارہا-ہے-حاجی-دولت-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org