0
Tuesday 6 Jan 2015 13:58

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی کرسی پھر بچ گئی

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی کرسی پھر بچ گئی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم کے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے اختلافی معاملات حل ہونے کے بعد ان کے بیٹے مخدوم جمیل الزماں نے گزشتہ روز پیر کو وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی اور 4 ماہ سے وزارت سے اپنی عملی لاتعلقی ختم کرتے ہوئے دوبارہ باضابطہ طور پر وزارت سنبھال لی، اس صورتحال کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اطمینان کا سانس لیا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف متوقع تحریک عدم اعتماد کا خطرہ بھی ٹل گیا۔ ذرائع کے مطابق اختلافات کا خاتمہ اتوار کو بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے مخدوم امین فہیم کی تفصیلی ملاقات کے دوران ہوا۔ مخدوم امین فہیم کی آصف زرداری سے ون ٹو ون ملاقات کے بعد بات چیت کے دوسرے دور میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے بھی شرکت کی، جس میں مخدوم امین فہیم کے فرزند جمیل الزماں بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران مخدوم امین فہیم کو یقین دہانی کرائی گئی کہ آئندہ پارٹی کے تمام تنظیمی معاملات ان کی مشاورت سے طے کئے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق مخدوم امین فہیم کو یہ بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ ان کے فرزند صوبائی وزیر برائے ریونیو و ریلیف مخدوم جمیل الزماں کے محکموں میں غیر متعلقہ افراد کی مداخلت نہیں ہوگی۔ مخدوم جمیل الزماں گذشتہ 4 ماہ سے زائد عرصے سے غیر فعال وزیر بنے ہوئے تھے، اس دوران انھوں نے صوبائی کابینہ کے کسی اجلاس شرکت نہیں کی۔ مخدوم امین فہیم کو یہ بھی شکایت تھی کہ سرکاری عہدوں پر فائز ان کے بیٹوں کو بھی آزادانہ طور پر کام کرنے نہیں دیا جا رہا۔ امین فہیم کے ایک فرزند شکیل الزماں ممبر بورڈ آف ریونیو ہیں جبکہ دوسرے فرزند عقیل الزماں ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق امین فہیم کو اس حوالے سے بھی کچھ یقین دہانیاں کرائی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری سے ملاقات کے دوران امین فہیم نے اپنے تحفظات اور شکایات سے انھیں آگاہ کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امین فہیم نے کہا کہ آصف زرداری کو سندھ حکومت سے متعلق عوامی شکایات سے آگاہ کر دیا ہے، میں پارٹی کا صدر ہوں، جہاں بھی کوئی خامی دیکھوں گا وہاں اصلاح کیلئے بات ضرور کروں گا۔

امین فہیم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش نہیں ہوگی، سندھ میں فارورڈ بلاک کے متعلق مجھے کوئی علم نہیں، میرے پارٹی سے کوئی اختلافات نہیں، ہمارا اور پارٹی کا چولی دامن کا ساتھ ہے جو کبھی ختم نہیں ہو سکتا۔ ایک سوال پر امین فہیم کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں سے متعلق وہ پارٹی موقف کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اپنے آبائی علاقے ہالا میں اپنے والد مخدوم طالب المولیٰ کے نام سے یونیورسٹی بنائی جائے گی، جس کا باضابطہ اعلان 11 جنوری کو والد کی برسی کے موقع پر کروںگا۔ دریں اثنا ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے صوبائی وزیر ریونیو، ریلیف و بحالی مخدوم جمیل الزماں نے پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر مخدوم جمیل الزماں کو تھر میں بحالی کے کام کی نگرانی کی ہدایت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر جمیل الزماں کے صاحبزادے محبوب الزماں بھی انکے ہمراہ تھے۔
خبر کا کوڈ : 430693
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش