0
Tuesday 5 May 2009 15:33

حتمی امن سمجھوتے سے قبل فلسطینی اسرائیل کو تسلیم کریں: آئیپیک سے خطاب میں نیتن یاہو کا مطالبہ

حتمی امن سمجھوتے سے قبل فلسطینی اسرائیل کو تسلیم کریں: آئیپیک سے خطاب میں نیتن یاہو کا مطالبہ
دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے انتہا پسند اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ سیکیورٹی کے بغیر امن ممکن نہیں ہے۔ "ہم اسرائیل کی سیکیورٹی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ حتمی امن سمجھوتے کے بارے میں مذاکرات سے قبل لازمی ہے کہ فلسطینی، یہودی ریاست کو تسلیم کریں۔"
ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن میں امریکن اسرائیل پبلک آفیئرز کمیٹی کی سالانہ پالیسی کانفرنس سے مواصلاتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نیتن یاہو اب تک عوامی سطح پر فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت سے گریزاں رہے ہیں اور اس بات پر اصرار کرتے رہے ہیں کہ مغربی کنارے کی معیشت کو پہلے مضبوط کیا جائے اور اس کے بعد قیام امن منصوبے کے سلسلے میں حتمی مذاکرات کے مرحلے میں داخل ہوا جائے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے پیر کے روز فلسطینیوں کے ساتھ امن کے لئے ایک سہ جانبہ سوچ کو عملی جامہ پہنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں سے غیر مشروط مذاکرات شروع کر دینے چاہئیں۔
آئیپیک کانفرنس سے اپنے خطاب میں اسرائیلی وزیراعظم نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے ذکر سے گریز کیا حالانکہ براک اوباما کی قیادت میں امریکی انتظامیہ مسئلے کا حل دو ریاستوں کی صورت میں دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں امن کا حصول ممکن ہے، اس کے لئے ہمیں ایک نئی پالیسی اپنانا ہو گی۔
نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ امن کے لئے میں سہ جانبہ ٹریک اپنانے کا حامی ہوں۔ ان ٹریکس میں سیکیورٹی، سیاسی اور معاشی ٹریک شامل ہیں۔
آئیپیک کے تقریبا ساڑھے چھے سو مندوبین، سفارتکاروں اور امریکی سیاسی رہنماوں سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ سیاسی ٹریک کے ضمن میں ہم فلسطینیوں سے بلا تاخیر اور غیر مشروط مذاکرات شروع کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے اسرائیل کے مجوزہ سیکیورٹی ٹریک کے خدوخال واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکی جنرل کیتھ ڈائیٹون، اردن اور امریکی حمایت یافتہ فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے مل کر فلسطینی سیکیورٹی فورسسز کو تقویت فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نے خالص امریکی لہجے میں انگریزی زبان میں اپنے خطاب میں کہا کہ معاشی ٹریک کے ضمن میں ہم فلسطینی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے رکاوٹوں کو جلد از جلد ختم کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ نیتن یاہو، آئندہ دو ہفتوں میں وائٹ ہاوس کا دورہ کرنے والے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 4310
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش