0
Wednesday 7 Jan 2015 20:56

مسجد اقصیٰ میں عبادت کرنا ہر مسلمان کا حق ہے، ایاد بن امین مدنی

مسجد اقصیٰ میں عبادت کرنا ہر مسلمان کا حق ہے، ایاد بن امین مدنی
اسلام ٹائمز۔ ستاون مسلم ممالک کی نمائندہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل ایاد بن امین مدنی نے مقبوضہ بیت المقدس کا دورہ کیا ہے اور وہاں وہ مسجد اقصیٰ کی زیارت کے لیے گئے ہیں۔ انھوں نے مسلمانوں پر زوردیا ہے کہ وہ بھی اپنے قبلہ اوّل میں عبادت کے لیے آئیں تاکہ فلسطینیوں کے اس مقدس مقام اور شہر پر دعوے کو تقویت مل سکے۔ سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ایاد مدنی نے ایسے وقت میں مقبوضہ بیت المقدس کا دورہ کیا ہے، جب فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان اس شہر میں شدید کشیدگی پائی جارہی ہے اور حالیہ مہینوں کے دوران تشدد کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔ انھوں نے مسجد الاقصیٰ کے دورے کے موقع پر کہا کہ ''اس مسجد میں آنا میرا اور ہر مسلمان کا حق ہے۔یہ ہمارا حق ہے کہ ہم یہاں آئیں اور عبادت ادا کریں۔ کوئی قابض اتھارٹی ہم سے یہ حق چھین نہیں سکتی ہے''۔ ایاد مدنی کے پیش رو او آئی سی کے سربراہ پروفیسر اکمل الدین احسان اوغلو نے بھی مقبوضہ بیت المقدس کا دورہ کیا تھا۔ تاہم سعودی شخصیات شاذ ہی اس شہر کے دورے پر آتی ہیں۔ دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس حال ہی میں دنیا بھر کے مسلمانوں پر زور دے چکے ہیں کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے مقبوضہ بیت المقدس آئیں۔ تاہم بعض مذہبی قائدین کا کہنا ہے کہ جب تک یہ شہر اسرائیل کے قبضے میں ہے تو مسلمانوں کو اس کے دورے سے گریز کرنا چاہیے۔ 
خبر کا کوڈ : 431046
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش