0
Thursday 8 Jan 2015 16:47

کراچی میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اور JDC ایمبولنس ڈرائیور جاں بحق

کراچی میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اور JDC ایمبولنس ڈرائیور جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے، دہشتگردوں نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں جے ڈی سی کی ایمبولنس پر فائرنگ کرکے زندگی بچانے والے کو موت کی نیند سلا دیا، جبکہ نارتھ ناظم آباد میں بھی دہشتگردوں کی ہوٹل پر فائرنگ سے پولیس اہلکار جان سے گیا۔ تفصیلات کے مطابق صبح ہوتے ہی کراچی میں موت کا کھیل شروع ہوگیا، شادمان ٹاؤن نمبر ایک میں مکہ مسجد کے قریب واقع جھونپٹر ہوٹل کے باہر دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے کانسٹیبل شریف کو قتل کیا، مقتول شریف شادمان ٹاون چودہ اے کا رہائشی اور سچل تھانے میں تعینات تھا۔ دوسری جانب اورنگی ٹاؤن نمبر آٹھ میں دہشتگردوں نے جعفریہ ڈیزاسٹر سیل کی ایمبولیس پر فائرنگ کی، جس میں ایمبولینس ڈرائیور تیس سالہ آفتاب شدید زخمی ہوا، جسے تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ آفتاب کے قتل کی اطلاع اہلخانہ کو ملی تو لواحقین بھاگے دوڑے عباسی شہید اسپتال پہنچے، جہاں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ آفتاب نے دو ماہ قبل ہی جے ڈی سی میں بطور ایمبولینس ڈرائیور ملازمت شروع کی تھی۔ ایمبولینس ڈرائیور آفتاب احمد اورنگی ٹاؤن قصبہ کالونی کا رہائشی اور پانچ بچوں کا باپ تھا۔ ایمبولینس پر فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 431173
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش