QR CodeQR Code

دہشت گردوں کی پھانسیوں پر جلدسے جلد عملدرآمد کرایا جائے، مولانا امیر حمزہ

8 Jan 2015 22:11

اسلام ٹائمز: ملتان سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جماعتہ الدعوہ پاکستان کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ علماء کرام ایک دوسرے پر کفر کے فتوے لگانے کی بجائے امت کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں، دہشت گردی میں ملوث مدارس کیخلاف کاروائی ہونی چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف حکومتی اور عسکری اقدامات قابل تحسین ہیں۔ کلمہ گو مسلمانوں کا خون بہانے والے دہشت گرد انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔ دہشت گردوں کی پھانسیوں پر جلدسے جلد عملدرآمد کرایا جائے۔ علماء کرام ایک دوسرے پر کفر کے فتوے لگانے کی بجائے امت کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں۔ فتنہ تکفیر سے امت مسلمہ کو شدید نقصان پہنچا۔ دہشت گردی میں ملوث مدارس کیخلاف کاروائی ہونی چاہیے۔ ملتان سے جاری کردہ اپنے بیان میں مولانا امیر حمزہ نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر مسلسل فائرنگ انتہائی تشویش ناک ہے اس کے پیچھے انڈیا اور امریکہ کی خوفناک منصوبہ بندی ہے۔ باہمی اختلافات ختم کر کے پوری قوم کو دفاع کے لیے تیار کرنا چاہیے۔ مولانا امیر حمزہ نے کہا کہ ملک میں افراتفری اور باہمی لڑائی جھگڑوں سے بیرونی قوتیں فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ وطن عزیز پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے سرحدوں پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمنان اسلام کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے فرقہ واریت و گروہی اختلافات کے خاتمہ اور اتحاد ویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 431221

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/431221/دہشت-گردوں-کی-پھانسیوں-پر-جلدسے-جلد-عملدرآمد-کرایا-جائے-مولانا-امیر-حمزہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org