QR CodeQR Code

افغان مہاجرین میں پاکستان میں قیام کی مدت میں توسیع کا مطالبہ کر دیا

9 Jan 2015 18:52

اسلام ٹائمز: افغان مہاجرین کے مرکزی نائب صدر حاجی محمد خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ افغان مہاجرین کے دل پاکستان کیساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ یہاں امن چاہتے ہیں، چند عناصر کی وجہ سے پاکستان میں بسنے والے افغان بدنام ہو رہے ہیں، دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے افغان مہاجرین امن کمیٹی حکومت سے تعاون کرنے کو تیار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں بسنے والے افغان مہاجرین نے حکومت سے یہاں قیام کی مدت میں توسیع اور رجسٹرڈ مہاجرین کو موبائل فون کا سم کارڈ جاری کئے جانے کے فیصلے پر عمل درآمد کی درخواست کی ہے۔ افغان مہاجرین کے مرکزی نائب صدر حاجی محمد خان نے دیگر مہاجر عمائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا افغان مہاجرین کے دل پاکستان کیساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ یہاں امن چاہتے ہیں، چند عناصر کی وجہ سے پاکستان میں بسنے والے افغان بدنام ہو رہے ہیں، دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے افغان مہاجرین امن کمیٹی حکومت سے تعاون کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا وہ لوگ 35 سال سے پاکستان میں مقیم ہیں، ان کے بچے یہاں جوان ہوئے اور ان کی شادیاں ہوئیں لیکن ان کی رجسٹریشن نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے شرپسند عناصر کی گرفتاری اور ملک میں امن کے لئے حکومت کو تجاویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں بسنے والے افغانوں کی فوری رجسٹریشن شروع کی جائے، رجسٹرڈ مہاجرین کو نادرا کی طرف سے مہاجر کارڈ جاری کیا جائے اور انہیں بنک اکاوٴنٹ کھولنے کی اجازت دی جائے، ان اقدامات سے اگر کوئی افغان باشندہ کسی جرم میں ملوث ہوتا ہے تو نہ صرف اس کی فوری نشاندہی ہو سکے گی بلکہ اسے گرفتار بھی کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ شک کی بنا پر کئی برسوں سے یہاں مقیم افغان مہاجرین کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے، پولیس افغان مہاجرین کو گرفتار کرتی اور پھر پیسے لیکر چھوڑ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا حکومت کی طرف سے مہاجرین کے قیام میں مزید توسیع نہ کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں تاہم وہ اس حوالے سے پیر کے روز وزیر سیفران سے ملاقات کر کے تاریخ میں توسیع کی درخواست کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 431380

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/431380/افغان-مہاجرین-میں-پاکستان-قیام-کی-مدت-توسیع-کا-مطالبہ-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org