0
Sunday 7 Nov 2010 11:22

ہم دہشت گردی کیخلاف متحد ہیں،صدر اوباما،امریکا و بھارت میں 10 ارب ڈالر کے تجارتی معاہدے،54 ہزار امریکی ملازمین کو فائدہ ہو گا

ہم دہشت گردی کیخلاف متحد ہیں،صدر اوباما،امریکا و بھارت میں 10 ارب ڈالر کے تجارتی معاہدے،54 ہزار امریکی ملازمین کو فائدہ ہو گا
 ممبئی:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق امریکی صدر بارک حسین اوباما اپنے دورہ بھارت کے پہلے مرحلے میں ہفتے کو تجارتی شہر ممبئی پہنچے،جہاں انہوں نے بھارت کے ساتھ 10 ارب ڈالر کے تجارتی معاہدوں کا اعلان کیا،جس سے 54 ہزار امریکی ملازمین کو فائدہ ہو گا۔بھارت بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ بھارت کو مستقبل کی مارکیٹ کے طور پر دیکھ رہا ہوں اور ہم تجارتی رکاوٹیں دور کرنے اور برآمدی اصلاحات کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں،بھارت کو ٹیکنالوجی کے دہرے استعمال کی اجازت دیں گے جس میں سول اور ملٹری ٹیکنالوجی شامل ہے۔ان تجارتی معاہدوں کے تحت بھارت امریکا سے 2.7 ارب ڈالر کے 30 بوئنگ 737 مسافر طیارے اور 4.5 ارب ڈالر کے 10 ملٹری ٹرانسپورٹ C-17s طیارے خریدے گا۔ایک اور معاہدے کے تحت بھارت 500 ملین ڈالر کے 9 گیس اور بھانپ سے چلنے والے ٹربائن بھی حاصل کرے گا۔ 
ممبئی حملوں سے متاثر ہونے والے تاج ہوٹل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ ممبئی حملوں سے لوگوں کو مذہبی بنیادوں پر لڑانے کی کوشش کی گئی،دہشت گردی کے خلاف امریکا اور بھارت متحدہ ہیں،انہیں اپنی آزادی سلب نہیں کرنے دیں گے۔
قبل ازیں امریکی صدر تین روزہ دورے پر بھارت کے شہر ممبئی پہنچے جہاں ان کی آمد سے قبل سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ممبئی پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ دہشت گردوں کو اپنی آزادی سلب کرنے نہیں دیں گے،بھارت اور امریکا دہشت گردی کے خلا ف متحدہ ہیں،میرے ممبئی آنے کا مقصد ممبئی حملوں کے متاثرین سے اظہار یکجہتی ہے۔ دورے کے موقع پر خاتون اول مشعل اوباما اور 200 تجارتی نمائندوں کا وفد بھی ان کے ہمراہ تھا۔صدر اوباما 12 بجکر 50 منٹ پر ممبئی کے بین الا قوامی ہوائی اڈے پر پہنچے اور وہاں سے وہ ایک خصوصی چارٹر طیارے کے ذریعے تاج ہوٹل پہنچائے گئے۔امریکی صدر کے دورے کا باقاعدہ آغاز محض نصف گھنٹے بعد تاج ہوٹل میں ممبئی حملے کے ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ایک جلسے سے ہوا۔
صدر کی دوسری اہم مصروفیت ممبئی کے منی بھون میں واقع گاندھی میوزیم کا دورہ تھا،جس کے بعد انہوں نے بھارت امریکا بزنس کونسل سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت معاشی ترقی کرنے والا بڑا ملک ہے،امریکا بھارت کو مستقبل کی بہترین مارکیٹ کے طور دیکھ رہا ہے،امریکا بھارت تجارتی تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں،اس لئے میں بھارت کے ساتھ 10 ارب ڈالر کے معاہدوں کا اعلان کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ معاہدوں سے امریکا میں 54 ہزار نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے اس موقع پر 3 بھارتی کمپنیوں پر سے پابندیاں ہٹانے کا بھی اعلان کیا۔ 
دریں اثناء تاج محل ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ دست گریباں کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ 26نومبر 2008ء کے دن کی اس جنونی کارروائی کو نہیں بھلا سکتے،جب یہ ہوٹل شعلوں کی لپیٹ میں تھا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اس ملک اور عوام کے حوصلے پست کرنا چاہتے تھے،تاہم وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکے۔امریکی صدر نے تاج محل ہوٹل کے واقع میں زندہ بچ جانے والے افراد سے ملاقات بھی کی۔صدر اوباما نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی لکھے۔اس سے قبل صدر امریکا کی خصوصی سیکورٹی ٹیم نے خود کار ہتھیاروں سے لیس ممبئی اور دہلی میں ان کے ٹھہرنے کے ہوٹلوں کی چیکنگ کی۔
اس دوران امریکی صدر کیلئے دہلی میں ہوٹل موریا میں جو کمرہ بک کیا گیا وہ بلٹ اور راکٹ پروف ہے اور اس کی حفاظت 100خصوصی گارڈز کر رہے ہیں۔ساتھ ہی ہوٹل کے 440 کمروں کو بک کرنے کے علاوہ اوباما کیلئے بھارت میں مقیم رہنے کے دوران وائٹ ہاؤس سے لایا گیا کھانا تیار کیا جاتا رہے گا۔ واشنگٹن سے دہلی روانہ ہونے کے موقع پر اوباما کی خصوصی پرواز کی حفاظت پر سیکورٹی کے 40طیارے مامور رہے،جبکہ بھارت میں مقیم رہنے کے دوران ان کیلئے مخصوص گاڑی کو نیوکلیائی اور کیمیائی ہتھیاروں سے بھی کوئی خطرہ نہیں رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 43163
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش