0
Saturday 17 Jan 2015 14:51
شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے زیراہتمام شان رسالت (ص) کانفرنس

تمام اسلامی ممالک فرانس کیساتھ سفارتی و تجارتی تعلقات منقطع کر دیں، علامہ رمضان توقیر

تمام اسلامی ممالک فرانس کیساتھ سفارتی و تجارتی تعلقات منقطع کر دیں، علامہ رمضان توقیر
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پہاڑ پور میں شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے زیراہتمام میلاد مصطفٰے (ص) و میلاد امام صادق (ع) اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے شان رسالت (ص) کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنماء علامہ سید تقی شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ صوبائی صدر شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا علامہ محمد رمضان توقیر کے علاوہ استاد العلماء علامہ قبلہ غلام حسن جاڑا، علامہ سید محمد تقی شاہ، علامہ حافظ نذیر، علامہ عابد شاہ، علامہ اظہر ندیم نے شان رسول اکرم (ص) و شان اہلبیت (ع) پر خطاب کیا۔ کانفرنس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ عوام الناس علاوہ ڈی آئی خان کے علماء کرام، امام جمعہ و جماعت، مدرسین، طلباء و واعظین نے بھرپور شرکت کی۔

علامہ رمضان توقیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت ملک میں امن و امان کیلئے قربانی دیتی آرہی ہے۔ امن کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، لیکن انتظامیہ بھی تعاون کرے۔ اس کانفرنس کیلئے اشتہار اور پینا فلکس آویزاں کئے گئے تھے۔ سپیشل برانچ کو بھی آگاہ کیا گیا تھا، لیکن عین پروگرام کے دن رکاوٹیں ڈالی گئیں۔ علامہ رمضان توقیر نے اپنے خطاب میں فرانسیسی میگزین میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے تمام عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ اس مذموم اقدام کے خلاف موثر کارروائی کرے اور تمام اسلامی ممالک فرانس کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات منقطع کر دیں۔ پروگرام کے آخر میں نیاز کا اہتمام کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 433122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش