QR CodeQR Code

ملتان، گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاج جاری، مذہبی، سیاسی اور وکلاء تنظیموں نے ریلیاں نکالیں

17 Jan 2015 22:13

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی کے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اگر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کرنے والے جریدے کے حق میں 40 سے زائد مغربی ممالک کے سربراہان اور اسرائیلی وزیر اعظم سمیت 15 لاکھ افراد سڑکوں پر آ سکتے ہیں تو کروڑوں مسلمان بھی شان رسالت (ص) میں گستاخی کیخلاف میدان میں آ سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ فرانس میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کیخلاف ملک بھر میں جلسے، جلوس، ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے، ملتان میں دوسرے روز بھی جماعت اسلامی ضلع ملتان کے زیراہتمام گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان میاں آصف محمود اخوانی، خواجہ عبیدالرحمان، مولانا عبدالرزاق، رانا طارق نعیم، کنور محمد صدیق کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے جماعت اسلامی اور جمعیت طلبہ عربیہ کے پرچم، بینرز، پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔ جن پر فرانسیسی حکومت اور گستاخانِ رسول (ص) کیخلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے غلامی رسول (ص) میں موت بھی قبول ہے کے نعرے لگائے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان میاں آصف محمود اخوانی، خواجہ عبیدالرحمان، کنور محمد صدیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت (ص) کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ رسول کریم (ص) کی شان میں کسی قسم کی بھی گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی۔ فرانسیسی جریدے نے گستاخانہ خاکے شائع کرکے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا۔ مسلمانوں میں استحصال پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر اسلامی سربراہی کانفرنس بلوا کر مغرب کو واضح پیغام دے کہ آزادی اظہار کی آڑ میں پیغمبر اسلام (ص) کی شان میں گستاخی کے پے درپے واقعات ناقابل قبول اور قابل مذمت ہیں اگر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کرنے والے جریدے کے حق میں 40 سے زائد مغربی ممالک کے سربراہان اور اسرائیلی وزیراعظم سمیت 15 لاکھ افراد سڑکوں پر آ سکتے ہیں تو کروڑوں مسلمان بھی شان رسالت (ص) میں گستاخی کیخلاف میدان میں آ سکتے ہیں۔ وکلاء تنظیموں، سیاسی اور سماجی تنظیموں نے بھی احتجاج کیا۔


خبر کا کوڈ: 433188

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/433188/ملتان-گستاخانہ-خاکوں-کے-خلاف-احتجاج-جاری-مذہبی-سیاسی-اور-وکلاء-تنظیموں-نے-ریلیاں-نکالیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org