0
Saturday 17 Jan 2015 19:09

فسادی اور جہادی کے مابین فرق کو سمجھنے کی ضرورت ہے، مولانا محمود مدنی

فسادی اور جہادی کے مابین فرق کو سمجھنے کی ضرورت ہے، مولانا محمود مدنی
اسلام ٹائمز۔ اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، اسلام کے خلاف یہ محض ایک گمراہ کن پروپگنڈہ ہے، ان خیالات کا اظہار مولانا سید محمود اسعد مدنی جنرل سیکریٹری جمعیت العلماء ہند نے کیا، وہ ایس ایم پنڈت رنگ مندر میں ’’سیرت طیبہ (ص) و پیام امن کانفرنس‘‘ کو مخاطب کر رہے تھے ۔ مولانا اسعد مدنی نے کا کہنا تھا کہ اسلام کے معنیٰ ہی سلامتی کے ہیں اور پیغمبر اسلام نبی رحمت (ص) ہیں، اسلام کے بارے میں جو غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں اُنہیں دور کرنے کے لئے مسلمانوں کو برادران وطن سے بہتر روابط قائم کرنے اور اُن کی زبانوں میں اسلام کا لٹریچر مہیا کرنے کے لئے آگے آنا چاہئے، مولانا اسعد مدنی نے مزید کہا کہ بھارت کی جدوجہد آزادی میں مسلمانوں نے کلیدی رول ادا کیا ہے، اس لئے مسلمان کرایہ دار نہیں بلکہ حصہ دار کی حیثیت رکھتے ہیں، کوئی ان کی اس حیثیت کو ختم نہیں کرسکتا اور نہ ہی مسلمانوں کو حاصل دستوری حقوق چھن سکتا ہے، مولانا اسعد مدنی نے مزید کہا کہ جو لوگ آج مسلمانوں کے خلاف دہشت گرد ہونے کا الزام عائد کر رہے ہیں اُنہیں جہادی اور فسادی کے مابین کا فرق معلوم نہیں ہے، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ فساد دونوں ہی ملک کے سالمیت کے لئے خطرہ ہیں اور مسلمانوں کا ان سے کوئی تعلق نہیں، مولانا اسعد مدنی نے کہا کہ اس وقت ملک کو امن کی شدید ضرورت ہے، بقول انکے جمعیت العلماء ہند برادران وطن کو ساتھ لیکر ملک میں قیام امن کی تحریک چلارہی ہے، مولانا اسعد مدنی نے مزید کہا کہ دنیا کو سماجی مساوات اور انسانیت کا درس دینے والے آج انسانیت کی راہ سے بھٹک گئے ہیں جہاں تک مسلمانوں کا سوال ہے وہ مظلوم ہیں مسلمان کبھی ظالم نہیں ہوسکتا کیونکہ اسلام اور ظلم دونوں قطعی ایک جگہ نہیں رہ سکتے، اسلام نے انسانیت کی خدمت کو عبادت کا درجہ دیا ہے۔

اس دوران الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ اسلام سارے انسانوں کے لئے امن اور عالمی بھائی چارہ کا پیغام لیکر آیا لیکن یہ کتنا بڑا المیہ ہے کہ آج اسلام کے خلاف دہشت گردی کا پروپگنڈہ کیا جارہا ہے، الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ جس رسول رحمت (ص) نے وضو کے لئے ایک قطرہ پانی زائد نہ بہانے کا حکم دیا ہے وہ انسانوں کا خون بہانے کی اجازت کیسے دیتے، الحاج قمر الاسلام نے مزید کہا کہ اسلام دنیا کا واحد مذہب ہے جو تمام مذاہب کا احترام کرنے کی تعلیم دیتا ہے، الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتیں اقتدار کے بل بوتے پر مسلمانوں کو زور و زبردستی کے ذریعہ اور لالچ دیکر اسلام سے منحرف کرنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں لیکن وہ یہ حقیقت نہیں جانتے کہ مسلمانوں کا ایمان اتنا بھی کمزور نہیں ہے کہ اُسے خریدا جاسکے، انہوں نے مزید کہا کہ فرقہ پرست طاقتیں ملک کے امن کے لئے سنگین خطرہ بنی ہوئی ہیں، ملک میں امن کے قیام کا مسئلہ صرف مسلمانوں کے لئے نہیں ہے بلکہ تمام سیکولر عوام کو بھی اس مسئلہ کی سنگینی کا احساس کرنے کی ضرورت ہے، مولانا پیر شبیر احمد صدر جمعیت العلماء آندھرا و تلنگانہ، مولانا افتخار احمد قاسمی، مولانا عبدالقوی نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر سنجے مکل نے کہا کہ ہندؤں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے میں میڈیا کا رول نہایت تشیویشناک ہے، اُنہوں نے کہا کہ فرقہ پرست قوتوں کی میڈیا بھرپور حوصلہ افزائی کر رہا ہے، اسلام کو بدنام کرنے کا میڈیا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا، اسلام کے خلاف دہشت گردی کا پروپگنڈہ بھی میڈیا کی ہی اختراع ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کی تحریک کے بانی مسلمان ہی ہیں، ملک کی آزادی کے لئے مسلمانوں نے بے شمار قربانیاں دیں اور آزاد ہندوستان کی تعمیر میں بھی مسلمانوں کا کلیدی رول رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 433190
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش