0
Saturday 17 Jan 2015 20:57

ایران پر مزید پابندیاں لگانے سے عالمی امن خطرے میں پڑ سکتا ہے، ڈیوڈ کیمرون

ایران پر مزید پابندیاں لگانے سے عالمی امن خطرے میں پڑ سکتا ہے، ڈیوڈ کیمرون
اسلام ٹائمز۔ وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر براک اوباما اور برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا، کہ روس جب تک یوکرائن کے خلاف جارحیت ختم نہیں کرتا پابندیوں کا شکار رہے گا۔ دونوں رہنماوں کا کہنا تھا روس کو مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ مغربی طاقتیں اب ایران کو مزید پابندیوں کا نشانہ نہ بنائیں، اس سےعالمی اتحاد خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ جبکہ صدر اوباما کا کہنا تھا امریکی کانگریس ایران پر مزید پابندیوں سے گریز کرے، معاملہ سفارتی ذرائع سے حل کرنے کا ہر موقع استعمال کیا جائے گا۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اس موقع پر پشاور اسکول میں ہونے والی دہشتگردی کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور امریکہ مذہبی کٹرپن اور ملک کے اندر سے ہونے والی پرتشدد انتہاپسندی کو روکنے کے لیے مہارت کا تبادلہ کریں گے، دونوں ممالک کو زہریلے اور جنونی نظریے کا سامنا ہے، اس مقصد کے لیے بنائی جانے والی دونوں ملکوں کی مشترکہ ٹاسک فورس چھ ماہ کے اندر اندر دونوں رہنماؤں کو رپورٹ دے گی۔

ڈیوڈ کیمرون نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ دولتِ اسلامیہ سے لڑنے والی زمینی فوجوں کی مدد کے لیے مزید غیرمسلح ڈرون تعینات کرے گا۔ وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس میں صدر اوباما نے برطانوی وزیرِ اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اچھے دوست ہیں، جب کہ ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ امریکہ برطانیہ کا ’ہم مزاج‘ ہے۔ ڈیوڈ کیمرون نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم ایک زہریلے اور جنونی نظریے کا سامنا کر رہے ہیں جو دنیا کے ایک بڑے مذہب اسلام کو آلودہ کرنا چاہتا ہے اور تصادم، دہشت اور موت پیدا کرنا چاہتا ہے، ہم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس کا ہر جگہ مقابلہ کریں گے۔ ڈیوڈ کیمرون نے خبردار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ طویل، صبرآزما اور مشکل ہو گی، تاہم یقین ہے کہ مغربی اقدار کی مدد سے انھیں شکست دی جا سکتی ہے۔ برطانوی وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ بلقان کی ریاستوں اور مشرقی یورپ میں ایک ہزار فوجی بھیجے گا جو وہاں نیٹو کی جنگی مشقوں میں حصہ لیں گے۔ واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان تنازعے کی وجہ سے اس خطے کو کشیدگی کا سامنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 433242
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش