0
Monday 19 Jan 2015 16:48

کراچی میں انسداد پولیو ٹیم پر ایک مرتبہ پھر دہشتگردانہ حملہ، فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

کراچی میں انسداد پولیو ٹیم پر ایک مرتبہ پھر دہشتگردانہ حملہ، فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس کالونی میں بے لگام دہشتگردوں نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں پولیو رضا کاروں کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکار گولیاں لگنے سے شہید ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس کالونی یو سی 6 میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار دہشتگردوں نے انسداد پولیو ٹیم پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے اے ایس آئی تبسم موقع پر شہید ہوگئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اے ایس آئی تبسم کے سر میں 2 گولیاں لگیں، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ دوسری جانب اے ایس آئی تبسم کی شہادت کے بعد سائٹ اور اورنگی ٹاؤن میں انسداد پولیو مہم عارضی طور پر روک دی گئی۔

ایس پی اورنگی آصف علی کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، حملے میں انسداد پولیو مہم کے رضا کار محفوظ رہے، جبکہ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کراچی میں 3 دن تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کر دی ہے۔ ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم کو مؤثر بنانے کے لئے کراچی میں ڈبل سواری کی پابندی کا فیصلہ کیا گیا، جس کی منظوری کے بعد شہر بھر میں ڈبل سواری قابل گرفت جرم ہوگا۔ واضح رہے کہ رواں ماہ پولیس اہلکاروں کیلئے بھاری ثابت ہوا ہے، نئے سال کے آغاز اور پہلے ہی مہنیے میں اب تک 19 پولیس اہلکار ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہو چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 433638
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش