0
Tuesday 20 Jan 2015 13:00

قوم کو دہشتگردی کیخلاف یکجا کرنے کے مرحلہ پر بجلی، گیس، پٹرول کے بحران میں الجھا دیا گیا، طاہر القادری

قوم کو دہشتگردی کیخلاف یکجا کرنے کے مرحلہ پر بجلی، گیس، پٹرول کے بحران میں الجھا دیا گیا، طاہر القادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پٹرول کے حالیہ بحران کے ذمہ دار وزیراعظم، وزیر خزانہ اور وزیر پٹرولیم ہیں، حکمرانوں کا ہر عذر ’’ عذر گناہ بدتراز گناہ ‘‘ کے مصداق ہے، سازشوں کا وسیع تجربہ رکھنے والوں کے خلاف سازش کرنے کی جرأت کون کرسکتا ہے؟ جس مرحلہ پر قوم کو دہشتگردی کے خلاف یکجا کرنے کی ضرورت تھی عین اس موقع پر قوم کو بجلی، گیس، پٹرول کے بحران میں الجھا دیا گیا، قوم انقلاب کیلئے نکلتی تو آج پٹرول کیلئے لائنوں میں نہ لگتی، دنیا بھر میں تیل سستا پاکستان میں 300 روپے لیٹر فروخت ہورہا ہے وہ بھی بلیک میں، ابھی بجلی گیس بحرانوں میں کمی نہیں آئی تھی کہ پٹرول کا بحران بھی آگیا، پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے والوں نے اسے زمانے غار کی طرف دھکیل دیا، پٹرول کے حالیہ بحران کے حوالے سے نااہلی اور بدانتظامی کا اعتراف کرنے والے اپنی سزا بھی تجویز کریں، سیکرٹری پٹرولیم کو قربانی کا بکرا بنایا گیا اس بحران کے پیچھے بڑے مگر مچھ ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے مرکزی میڈیا سیل سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ کرپٹ ٹولہ اقتدار میں رہے گا عوام کی زندگی میں سکون کا کوئی دن نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول ناپید ہونے سے طالب علم سکول نہیں جا سکتے، ہسپتالوں میں آپریشن معطل اور ریسکیو 1122 اور ایمبولینس گاڑیاں تک رک گئیں، نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا جو کام دہشت گرد نہ کر سکے وہ کام ان حکمرانوں نے کر دکھایا۔ قوم کی مائیں، بیٹیاں ہاتھوں میں بوتلیں پکڑے پٹرول پمپوں پر کھڑی ہیں، حکمران طبقہ کو شرم بھی نہیں آرہی۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ وزیر داخلہ پٹرول بحران کا اشارہ وزیر پٹرولیم کی طرف کرتے ہیں، وزیر پٹرولیم وزیر خزانہ کی طرف اشارہ کرتے ہیں وزیر خزانہ وزیراعظم کی طرف دیکھتے ہیں، وزیر ریلوے کوئی اور زبان بولتے ہیں، وزراء کی یہ اشاروں کی زبان دراصل کرپشن کی زبان ہے جس کی سمجھ قوم کو آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے دنیا بھر میں تیل کی رسد بڑھنے اور وافر دستیابی کے باعث پٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں مگر پاکستان میں قلت پیدا ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ جو حکمران عوام کو قیمتاً اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کے بھی قابل نہیں ان سے یہ توقع کرنا کہ وہ دہشت گردی کے ناسور سے قوم کو نجات دلائیں گے بے کار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی محب وطن حقیقی جمہوری حکومتوں نے تیل کی قیمتوں میں کمی کے رجحان سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے اسے ذخیرہ کرنے کی حکمت عملی طے کی پاکستان کے حکمرانوں نے لوٹ مار کے منصوبے بنائے، پٹرول کا حالیہ بحران تیل مافیا کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 433856
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش