0
Friday 23 Jan 2015 18:30

علامہ ساجد نقوی کی کال پر گستاخانہ خاکوں کیخلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا

علامہ ساجد نقوی کی کال پر گستاخانہ خاکوں کیخلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر فرانسیسی جریدے میں محسن انسانیت، سرور کائنات حضرت محمد ؐ  کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف آج ملک بھر کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں تمام مساجد میں خطبہ نماز جمعہ میں شدید احتجاج کیا گیا اور احتجاجی ریلیاں و مظاہرے کئے گئے اور فرانسیسی جریدے کے خلاف گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف قرار دادیں پاس کی گئی۔ ایس یو سی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے صحافیوں کو بتایا کہ فرانسیسی جریدے میں شائع ہونیوالے گستاخانہ خاکوں پر جمعہ کو کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، مٹیاری، ہالہ، سعید آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر  سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں شان رسالتؐ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین گستاخانہ خاکوں کے خلاف ہاتھوں میں پلے کارڈز، بینرز اور پینا فیلکس اُٹھائے ہوئے تھے، جس پر فرانسیسی جریدے کے خلاف نعرے درج تھے۔

علامہ عارف حسین واحدی مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار ہونا ہوگا، فرانسیسی جریدے نے اہانت کرکے اپنی جہالت کا ثبوت دیا ہے، او آئی سی اور اقوام متحدہ بھی اپنا کردار ادا کرے۔ علامہ عارف حسین واحدی کا مزید کہنا تھا کہ فرانسیسی جریدے کی اس گستاخی سے صرف مسلمانوں کی ہی نہیں بلکہ ہر اس شخص کی دل آ زاری ہوئی ہے جو انسانیت سے محبت کرتا ہے، کیونکہ حضور اکرمؐ کا اسوہ حسنہ تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے اور اسلام نے احترام انسانیت و امن و آشتی کا درس دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرانسیسی جریدے کی اہانت آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ انتہاء پسندی اور جہالت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے، جبکہ یو این او سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انبیائے کرام کے تقدس کیلئے قانون سازی کرے۔ نیز او آئی سی بھی اپنی معنی خیز خاموشی کو چھوڑ کر ان معاملات میں اپنا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 434542
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش