QR CodeQR Code

اوباما کے دورہ بھارت نے پاکستانی حکمرانوں کو ان کی اوقات بتا دی ہے، اعجاز ہاشمی

26 Jan 2015 18:29

اسلام ٹائمز: جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں مسلم ممالک اور چین کے ساتھ مل کر نیا بلاک تشکیل دینا اور معاشی خود انحصاری کی طرف قدم بڑھانا ہوں گے،امریکہ کی طرف سے بھارت کے ساتھ تعاون کے معاہدے اور اعلانات سے حکمرانوں کو بھی اپنی اوقات کا پتہ چل گیا ہے کہ امریکی اسٹیبلشمنٹ ان کی کتنی دوست اور کتنی دشمن ہے۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے امریکہ کی طرف سے بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رکنیت کے لئے تعاون کی پیشکش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کے خون میں ہاتھ رنگنے والے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھر پور تاریخ رکھنے والے بدمعاش ملک کو علاقے کا چودھری بنانے سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ جائے گا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ امریکی صدر اوبامہ کا دورہ بھارت اور اس پر نوازشات کی بارش سے واضح ہو گیا ہے کہ امریکی جھکاؤ کس طرف ہے۔ فوجی آمر جنرل (ر) پرویز مشرف، آصف علی زرداری اور اب میاں نواز شریف کی امریکی غلامی پر مبنی خارجہ پالیسیاں ناکام ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مسلم ممالک اور چین کے ساتھ مل کر نیا بلاک تشکیل دینا اور معاشی خود انحصاری کی طرف قدم بڑھانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات ضروری ہیں، تو مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر یہ ممکن نہیں۔ جے یو پی کے مرکزی صدرکا کہنا تھا کہ امریکہ کی طرف سے بھارت کے ساتھ تعاون کے معاہدے اور اعلانات سے حکمرانوں کو بھی اپنی اوقات کا پتہ چل گیا ہے کہ امریکی اسٹیبلشمنٹ ان کی کتنی دوست اور کتنی دشمن ہے، کیونکہ امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے مطابق دشمن کا دوست بھی دشمن ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے آج تک ہمارے ساتھ کوئی بھلائی تو نہیں کی مگر ہمارے دشمنوں کی مدد کر کے پاکستان کو احساس ضرور دلایا گیا ہے کہ اسے خود اپنے پاوں پر کھڑا ہو کر قومی مفادات کا تحفظ کرنا ہے، کوئی اس کی مدد کو نہیں آئے گا۔


خبر کا کوڈ: 435132

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/435132/اوباما-کے-دورہ-بھارت-نے-پاکستانی-حکمرانوں-کو-ان-کی-اوقات-بتا-دی-ہے-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org