0
Tuesday 27 Jan 2015 11:28

بھاجپا بھارت کو ہندو ملک بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، سید صلاح الدین

بھاجپا بھارت کو ہندو ملک بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، سید صلاح الدین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور حزب المجاہدین کے سالار اعلیٰ سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ بی جے پی اور اسکی سرپرستی میں کام کرنے والی انتہا پسند ہندو تنظیمیں بھارت کو خالصتاََ ایک ہندو سٹیٹ بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جو بھارت میں کسی بھی اقلیت کے وجود کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید صلاح الدین نے کہا کہ بھارت جمہوریت کے نام کی مالا تو جپتا ہے لیکن عملاََ جمہوریت کی آڑ میں اس وقت ہندوتوا نظریہ کی حامل تنظیمیں بی جے پی، آر ایس ایس، شیو سینا اور ویشو ہندو پریشد ہی حکومت کررہی ہیں اور اس طرح اب کُھل کے بھارت کے جمہوری چہرے سے پوری طرح نقاب اتر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 جنوری کو بھارت یوم جمہوریہ مناتا ہے اور جموں و کشمیر کے عوام اس روز کو یوم سیاہ مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک کشمیر کا تعلق ہے وہاں کے عوام گذشتہ 67 برسوں سے اپنا بنیادی اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت حاصل کر نے کے لئے فقید المثال جد وجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جبر و قہر اور ظلم و زیادتی سے اس تحریک کو کچلنے کی کوششیں کیں اور کر رہا ہے۔

سید صلاح الدین نے کہا کہ 8 لاکھ قابض فورسز کو افسپا، ٹاڈا، پوٹا اور پی ایس اے جیسے کالے قوانین کی آڑ میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام، خواتین کی آبروریزی اور املاک کو تباہ کرنے کی کھلی لائسنس دی گئی ہے۔ گذشتہ دو دہائیوں کے دوران پامالی حقوق کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ برسوں کے دوران ایک لاکھ کے قریب لوگوں کو جسمیں مرد و خواتین شامل ہیں، شہید کیا جاچکا ہے جبکہ دس ہزار سے زیادہ مرد و خواتین لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے تشدد کے نتیجے میں چھ لاکھ کے قریب زخمی جبکہ دو لاکھ سے زائد لوگوں کو عقوبت خانوں اور جھیلوں میں نظر بند کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے طول عرض میں شہداء کے قبرستان نظر آرہے ہیں جبکہ بے نام قبروں کی تعداد تین ہزار سے زیادہ ہیں، سید صلاح الدین نے کہا بھارت کے ظلم و جبر اور استبداد کے نتیجے میں آج تک ہزارروں بچے یتیم اور 5 ہزار خواتین بیوہ ہوچکی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ آج پوری ریاست ایک فوجی کیمپ میں تبدیل کی گئی ہے اور پوری دنیا میں ریاست جموں و کشمیر واحد ریاست ہے جس میں سب سے زیادہ فوجی جماؤ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام کو اس بات کا سخت صدمہ ہے کہ عالمی اداروں اور طاقتوں نے متنازعہ خطے میں لاکھوں قابض فورسز کے ہاتھوں نہتے لوگوں کا قتل عام روکنے میں مجرمانہ تساہل اور خاموشی اختیار کی ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر کے وسائل کو لوٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک اربوں مالیت کی تعمیراتی لکڑی کشمیر سے اندرون بھارت بھیج دی گئی اور بھیجی جارہی ہے۔ کشمیر عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی مسلسل قربانیوں اور فقید المثال جد و جہد کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ایک Nuclear flash point بن چکا ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی امن بالخصوص جنوبی ایشیا کو اس سے لاحق خطرات کے حوالے سے عالمی طاقتیں روز بروز حساس بنتی جارہی ہیں۔ امریکی صدر بارک اوبامہ کے دورہ بھارت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہ کہ بھارت کے پچھلے دورے کے موقع پر امریکی صدر اوبامہ نے بھارتی خواہش اور کوشش کے علی الرغم کشمیر کو متنازعہ اور حل طلب قرار دیا تھا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اوبامہ آج بھی بھارت کے دورے کے موقع پر بھارتی قیادت کو مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی رائے کے مطابق حل کرنے کا نہ صرف مشورہ بلکہ باضابطہ عملی اقدامات اٹھانے پر مجبور کریں گی۔
خبر کا کوڈ : 435278
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش