QR CodeQR Code

حزب اللہ نے جو کہا سچ کر دکھایا، مجاہدین کی کارروائی میں 17 صہیونی فوجی ہلاک، متعدد زخمی

28 Jan 2015 16:39

اسلام ٹائمز: دس روز قبل جنوبی شام میں اپنی ایک گشتی گاڑی پر اسرائیلی فوج کے حملے کے بعد حزب اللہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ بہت جلد اس جارحیت کا جواب دیگی۔ واضح رہے کہ صیہونی فوج نے 18 جنوری دو ہزار پندرہ کو جنوبی شام کے قنیطرہ علاقے میں ہیلی کاپٹر سے حملہ کرکے عماد مغنیہ کے بیٹے جہاد مغنیہ سمیت حزب اللہ کے چھ مجاہدین کو شہید کر دیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ لبنان کے مقبوضہ سرحدی علاقے "شبعا فارم" میں حزب اللہ کے مجاہدین کی جانب سے صیہونی فوج کے خلاف ایک فوجی کارروائی کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔‎ الحدث نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے صیہونی فوج کے خلاف کی جانے والی اس کارروائی کو شام کے علاقہ قنیطرہ میں اسرائیلی فوج کے ہوائی حملے کا جواب قرار دیا جا رہا ہے۔ الحدث نے حزب اللہ مجاہدین کی اس کارروائی کو ایک بڑے حملے سے تعبیر کیا ہے۔ اس حملے میں سترہ صہیونی فوجی ہلاک اور نو زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک فوجی کو حزب اللہ کے جوانوں نے قیدی بنا لیا ہے۔ واضح رہے کہ حزب اللہ نے اپنے ایک بیانیہ میں اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز لبنان کے مقبوضہ علاقے "شبعا فارمز" میں صیہونی فوج کی گشتی گاڑیوں پر حزب اللہ لبنان کے مجاہدین کی کارروائی میں کم از کم پندرہ اسرائیلی فوجی ہلاک اور انکی بڑی تعداد زخمی ہوگئی ہے۔ صیہونی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ لبنان کی سرحدی پٹی کے قریب واقع دیہات الغجر میں بھی اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیوں پر میزائل داغے گئے ہيں۔ صیہونی حکومت کے ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ مقبوضہ علاقوں پر بھی لبنان سے کئی راکٹ فائر کئے گئے ہيں۔ المنار ٹی وی نے اعلان کیا ہے کہ اس واقعے کے بعد شبعا فارمز پر بڑی تعداد میں صیہونی فوجی تعینات کر دیئے گئے ہيں۔ صیہونی حکومت نے شمالی مقبوضہ علاقوں کو ممنوعہ فوجی علاقہ قرار دے دیا ہے اور کریات شمعونہ سے شمالی اور مغربی مقبوضہ فلسطین کی طرف جانے والی اصلی سڑکوں کو بھی بند کر دیا ہے۔

لبنان کے ایل بی سی ٹی وی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ صیہونی فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف بنی گانتس نے اس واقعے کا جائزہ لینے کے لئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دس روز قبل جنوبی شام میں حزب اللہ کی گشتی گاڑی پر اسرائیلی فوج کے حملے کے بعد حزب اللہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ بہت جلد اس جارحیت کا جواب دے گی۔ واضح رہے کہ صیہونی فوج نے اٹھارہ جنوری دو ہزار پندرہ کو جنوبی شام  کے قنیطرہ علاقے میں ہیلی کاپٹر سے حملہ کرکے عماد مغنیہ کے بیٹے جہاد مغنیہ سمیت حزب اللہ کے چھ مجاہدین کو شہید کر دیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 435630

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/435630/حزب-اللہ-نے-جو-کہا-سچ-کر-دکھایا-مجاہدین-کی-کارروائی-میں-17-صہیونی-فوجی-ہلاک-متعدد-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org