0
Wednesday 28 Jan 2015 21:47

توہین آمیز خاکوں کیخلاف مذہبی جماعتوں کی احتجاجی ریلیاں

توہین آمیز خاکوں کیخلاف مذہبی جماعتوں کی احتجاجی ریلیاں
اسلام ٹائمز۔ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام گورنمنٹ کالج سمن آباد فیصل آباد سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت اسلامی جمعیت طلبہ ڈویژن کے ناظم عمیر فاروق گجر، سٹی کے ناظم رانا علی رضا سمیت دیگر رہنماوں نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ناموس رسالتﷺ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، مسلم حکمران گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف خاموشی توڑ دیں اور مغرب کی ناپاک جسارت کا منہ توڑ جواب دیا جائے، او آئی سی کو بھی فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاشقان رسولﷺ کو سڑکوں پر نکلنا اور حکمرانوں کو مجبور کرنا ہو گا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔ اسی طرح تنظیم اسلامی کے زیر اہتمام گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف ضلع کونسل چوک فیصل آباد سے گھنٹہ گھر چوک تک پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے ہاتھوں میں کتبے اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے، جن پر حرمت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر جان بھی قربان ہے جیسے نعرے ثبت تھے۔ مظاہرین گھنٹہ گھر پہنچ کر ایک گھنٹے تک نعرے بازی کرتے رہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ توہین رسالت کا مقدمہ فوجی عدالتوں میں چلایا اور فرانسیسی حکومت کے خلاف بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھائی جائے۔

گوجرہ میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام کے صدر سید آفتاب عظیم بخاری نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت بدترین مذہبی دہشت گردی ہے، فرانسیسی جریدے کی شرمناک حرکت سے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات مجروح ہو رہے ہیں، مسلمانوں کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے اور توہین رسالت کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔ اس موقع پر تنظیم کے ضلعی ناظم عاصم یعقوب تتلہ، جعفر ماجد اعوان، عرفان حیدر، عمر گجر، نور الحسن طور، زوہیب تتلہ، اختر بٹ، وسیم منظور و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ یہودی لابی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، مسلمان آج بھی غازی علم دین شہیدؒ اور غازی عامر چیمہ شہیدؒ کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں سے امن کے نام نہاد ٹھیکیداروں کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، مسلم ممالک کے حکمران بھی بیدار ہو جائیں۔
خبر کا کوڈ : 435672
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش