0
Thursday 29 Jan 2015 16:55

پیپلز پارٹی وزیراعظم نواز شریف کو بھی لے کر ڈوبے گی، حیدر عباس رضوی

پیپلز پارٹی وزیراعظم نواز شریف کو بھی لے کر ڈوبے گی، حیدر عباس رضوی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ کراچی اب کراچی نہیں بلکہ مقبوضہ شہر بن چکا ہے، جہاں ہمارے کارکنوں کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے، جبکہ موجودہ صورت حال برقرار ہی تو پیپلز پارٹی اپنے ساتھ وزیراعظم نواز شریف کو بھی لے کر ڈوبے گی۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے مقتول کارکن سہیل احمد کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی نے کہا کہ اپنے کارکن کے قتل کا ذمہ دار وزیراعلی سید قائم علی شاہ اور سندھ حکومت کو سمجھتے ہیں، وزیراعظم نواز شریف سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پیپلز پارٹی کی دوستی چھوڑیں، کیونکہ وہ تو ڈوبیں گے ہی لیکن آپ کو بھی لے کر ڈوبیں گے۔ انہوں نے کہا کہ روایت بن چکی ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں پر تشدد کرتے ہوئے ان کے خاندان والوں سے پیسے بٹورے جائیں، کیا مقتول سہیل احمد کا جرم یہ تھا کہ وہ ایم کیو ایم کا یونٹ انچارج تھا، جبکہ سیکیورٹی اداروں نے سہیل احمد کو 40 روز تک حراست میں رکھا اور اس دوران اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

حیدر عباس رضوی نے کہا کہ مقتول سہیل احمد کو مسجد کے باہر سے اغواء کیا گیا تھا، جن کے لاپتہ ہونے کے خلاف ہر جگہ آواز اٹھائی، لیکن کئی روز بعد ان کی لاش برآمد ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر سہیل احمد کا کوئی کرمنل ریکارڈ ہے تو سامنے لایا جائے، سندھ حکومت بتائے کہ سہیل احمد کے بچوں کا کیا قصور تھا، کیا ہمارے کارکنوں اور ذمہ داروں پر اسی طرح بدترین تشدد کیا جاتا رہے گا، اور کب تک ہمارے کارکنوں کی اسی طرح لاشیں ملتی رہیں گی۔ رہنما ایم کیو ایم کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ہر ظلم کے خلاف سب سے پہلے آواز اٹھاتی ہے، موجودہ صورتحال کو برداشت کر رہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف حالات کی ناسازی کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی میں قیام امن کے لئے سنجیدہ اقدامات کریں۔
خبر کا کوڈ : 435839
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش