0
Thursday 29 Jan 2015 17:17

استعفیٰ کسی دباؤ میں نہیں دیا، گورنر ہاؤس سے باہر رہ کر بہتر کام کر سکوں گا، چودھری سرور

استعفیٰ کسی دباؤ میں نہیں دیا، گورنر ہاؤس سے باہر رہ کر بہتر کام کر سکوں گا، چودھری سرور
اسلام ٹائمز۔ گورنر ہاؤس لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران مستعفی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ وہ گورنر ہوتے ہوئے عوام کی بھلائی کے لئے کام نہیں کر سکے کیونکہ ملک میں لینڈ مافیا اور قبضہ گروپ گورنر سے زیادہ طاقتور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں قانون ظالم اور جابر شخص کے ساتھ ہے، ظالم اور جرائم پیشہ عناصر دندناتے پھرتے ہیں جبکہ مظلوم انصاف کے لئے ساری زندگی دھکے کھاتے گزار دیتے ہیں۔ چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ وہ پہلے پاکستانی اور مسلمان ہیں جو برطانوی پارلیمنٹ کے رکن بنے اور انہیں وہ پہلا برطانوی رکن پارلیمنٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہے، جس نے قرآن پاک پر اپنا حلف اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جس ملک میں سیاست کی وہاں کوئی سیاستدان اپنے آپ کو جھوٹا کہلوانا نہیں چاہتا لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں سچ کا قحط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دل میں ہمیشہ سے پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنے کی آرزو رہی۔ 2013 میں وزیر اعظم نواز شریف نے انہیں گورنر پنجاب بنا کر اعزاز بخشا۔ انہوں نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے 4 ماہ بعد ہی اپنا عہدہ چھوڑنے کا کہہ دیا تھا، اس سلسلے میں کئی مرتبہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے استعفے کی بات کی تھی۔

چودھری محمد سرور نے کہا کہ ان کے میاں برادران سے تعلقات خراب نہیں ہوئے، مجھ پر کسی نے استفعی کے لئے دباؤ نہیں ڈالا، نہ نواز شریف نے کہا کہ ہے استعفیٰ دو اور نہ شہباز شریف کی طرف سے ایسا کوئی دباؤ تھا میں میری اپنی رائے تھی، اگر وہ جھوٹے ثابت ہو جائیں تو سزا کے لئے تیار ہیں۔ چودھری محمد سرور نے مزید کہا کہ ان کا خواب تھا کہ وہ پاکستان میں ایسا معاشرہ بنانے کی کوشش کریں گے جہاں انصاف کا بول بالا ہو، حکمرانی کا حق ایک مخصوص طبقے تک محدود نہ ہو لیکن افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں نااصافی بڑھ رہی ہے، ملک میں قبضہ گروپ سرگرم ہیں اور قاتل دندناتے پھر رہے ہیں۔ ہمارے ملک میں لینڈ مافیا اور قبضہ گروپ گورنر سے زیادہ طاقتور ہیں۔ بحیثیت گورنر وہ اپنی ذمہ داریاں انجام نہیں دے پائے، وہ اپنے دور میں خصوصی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے کچھ بھی نہیں کر سکے، اس لئے انہوں نے گورنر کے عہدے سے استعفے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ  ان کا جینا مرنا پاکستان کے لئے ہے، عہدہ چھوڑنے کے بعد بھی وہ پاکستان نہیں چھوڑیں گے اور گورنر ہاؤس سے باہر رہ کر زیادہ بہتر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں پاکستان میں مزدور، کسان،ہاری، لوہار کا بیٹا بھی سیاست اور اقتدار میں آئے اور اسے بھی ملک کی خدمت کا موقع ملنا چاہیے، لیکن افسوس کہ یہاں ایک مخصوص طبقہ اقتدار پر قابض ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان رہ کر ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے کام کروں گا، میری اپنے دوستوں کے ساتھ مشاورت چل رہی ہے اور اس کے بعد میں فیصلہ کروں گا کہ میں نے آگے کس انداز میں ملک کی خدمت کرنی ہے۔ چودھری محمد سرور نے اپنا سامان گورنر ہاؤس سے ڈی ایچ اے میں واقع اپنی رہائش گاہ پر منتقل کر دیا اور پروٹوکول کے بغیر گورنر ہاؤس سے روانہ ہو گئے۔ روانگی سے قبل انہوں نے گورنر ہاؤس کے تمام سٹاف کا شکریہ ادا کیا اور تمام ارکان سے فرداً فرداً گلے ملے، اس موقع پر چودھری محمد سرور کی آنکھیں نم تھیں۔
خبر کا کوڈ : 435841
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش