0
Friday 30 Jan 2015 01:11

چوہدری سرور عوام کی خدمت کے لئے سب کچھ چھوڑ کر آئے لیکن انہیں ہاتھ پاؤں باندھ کر بٹھا دیا گیا، عمران اسماعیل

چوہدری سرور عوام کی خدمت کے لئے سب کچھ چھوڑ کر آئے لیکن انہیں ہاتھ پاؤں باندھ کر بٹھا دیا گیا، عمران اسماعیل
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور ملک کی خدمت کے لئے آسائشیں چھوڑ کر آئے لیکن سسٹم نے انہیں مایوس کیا۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ چوہدری سرور کو اللہ نے سب کچھ دیا تھا، لیکن ان کے دل میں پاکستان کے لئے غیرت اور درد تھا، وہ تمام آسائشیں چھوڑ کر یہاں آئے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری سرور ایک جذبہ لے کر اور عوام کی خدمت کے لئے سب کچھ چھوڑ کر یہاں آئے لیکن انہیں ہاتھ پاؤں باندھ کر بٹھا دیا گیا۔ نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم نے یہاں ایسا سسٹم بنا لیا ہے کہ کہیں کمیشن، بھتہ لیا جارہا ہو یا لینڈ مافیہ سرگرم ہو، اپنا بندہ سامنے آجائے تو اس معاملے پر ہی مٹی ڈال دیتے ہیں۔

ان کے بقول یہاں ایسا سسٹم ہے کہ ہم اپنے مفاد کو آگے رکھتے ہیں، اپنے لوگوں پر ہاتھ نہیں ڈالتے اور ملک و عوام کا مفاد پس پشت ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کا انجام مسلسل ہم دیکھ رہے ہیں کہ ن لیگ کی حکومت ناکامی در ناکامی پر چل رہی ہے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ یہ اللہ کی مہربانی ہے کہ تیل کی عالمی قیمتیں کم ہوئیں اور ہمارے ذخائر میں اضافہ ہوگیا ورنہ جو پاکستان کا حال ہے اب تک ہماری چیخیں نکل جانی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں تیل سستا بھی مل رہا ہے اور ادھار پر بھی لیکن پاکستان واحد ملک ہے جہاں ایسے وقت میں بھی پیٹرول کا بحران ہے، ن لیگ ویژن 2025 بنارہی ہے لیکن ویژن 20 منٹس کا انہیں پتہ نہیں۔ اپنی گفتگو میں انہوں نے سابق گورنر چوہدری محمد سرور کو بہترین آدمی قرار دیتے ہوئے سسٹم کی وجہ سے ان کے استعفے پر افسوس کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 435951
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش