0
Friday 30 Jan 2015 22:41

بلوچستان میں دہشتگردوں کے ٹریننگ کیمپس کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے، علامہ مقصود ڈومکی

بلوچستان میں دہشتگردوں کے ٹریننگ کیمپس کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کا اجلاس علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت مدرسہ امام خمینی میں منعقد ہوا، اجلاس میں صوبائی سیکرٹری نشر و اشاعت مولانا ذوالفقار علی سعیدی، صوبائی سیکرٹری فلاح و بہبود مولانا سہیل اکبر شیرازی، صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی مولانا برکت علی مطہری و دیگر شریک ہوئے۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان سے حاصل ہونے والی معدنیات ملکی تعمیر و ترقی کی ضمانت ہے، مگر بلوچستان کے عوام آج بھی کسمپرسی، غربت اور افلاس کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں، جن علاقوں سے اربوں روپے کی معدنیات حاصل ہو رہی ہیں ان علاقوں کی عوام کے حالات زندگی میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے پاک فوج کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شمالی وزیرستان میں ٩٢ دہشت گردوں کی ہلاکت کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب تک بلوچستان میں ملت جعفریہ کے ڈیڑہ ہزار معصوم افراد دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں، جبکہ قاتل آج بھی دندناتے پھر رہے ہیں، لہذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے ٹریننگ کیمپس اور تربیتی مراکز کے خلاف بھر پور آپریشن کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے بلوچستان میں نو منتخب بلدیاتی نمائندوں خصوصاً کوئٹہ کے میئر ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ اور ڈپٹی میئر یونس بلوچ کو منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے۔ اس موقعہ پر مولانا ذوالفقار علی سعیدی نے کراچی میں جاری دہشت گردی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن کے باوجود کراچی میں معصوم انسانوں کا بہتا لہو ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ دہشت گرد چاہے کسی مدرسے میں ہوں یا کسی سیاسی جماعت میں انہیں بے نقاب کیا جائے، اجلاس میں مختلف تنظیمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 436086
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش