QR CodeQR Code

بلوچ عوام کے خدشات دور ہونے تک گوادر سے استفادہ ممکن نہیں، جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ

30 Jan 2015 23:19

اسلام ٹائمز: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نجی ادارے کی جانب سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں وفاقی وزیر سرحدی امور کا کہنا تھا کہ گوادر فری زون اور سپیشل اکنامک زون بنے گا۔ اس سلسلے میں بلوچستان حکومت تعاون کر رہی ہے۔ مگر بلوچ عوام کو بھی آگے آنا ہو گا اور تعاون کرنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ ریاستوں اور سرحدات کے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ گوادر کی اہمیت کسی سے پوشیدہ نہیں۔ تاہم گوادر سے اسی وقت استفادہ ممکن ہے جب بلوچ عوام کے خدشات دور اور روڈ انفراسٹرکچر ٹھیک کیا جائے۔ ہمیں بلوچ عوام کی مشکلات کی طرف بھی توجہ دینا اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا ہو گی۔ گوادر فری زون اور سپیشل اکنامک زون بنے گا۔ اس سلسلے میں بلوچستان حکومت تعاون کر رہی ہے مگر بلوچ عوام کو بھی آگے آنا ہو گا اور تعاون کرنا ہوگا کیونکہ یہ منصوبہ ان کے اپنے مفاد میں ہے۔ یہ اسی وقت ممکن ہے جب بلوچ عوام کے خدشات کا ازالہ ہو گا۔ وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ گوادر کی ترقی کا منصوبہ 90 کی دہائی میں تیار کیا گیا۔ اس کی وجہ گوادر کے جغرافیائی خدوخال ہیں کیونکہ یہ وسط، جنوبی اور مغربی ایشیاء کے سنگم پر واقع ہے۔ جہاں دنیا کی آبادی میں سے تقریباً تین ارب کے قریب انسان بستے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ 2017ء تک مکمل ہو گا اور اس سے خطے میں بڑے پیمانے پر تجارتی مواقع پیدا ہوں گے۔ جولائی 2013ء میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے دورہ چین کے دوران اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ گوادر کو راہداری فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کئے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر کی تعمیر کے ذریعے حکومت خطے میں موجود دیگر بندرگاہوں سے عداوت کی بنیاد نہیں رکھنا چاہتی۔ بلکہ خطے کی مجموعی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کرنا چاہتی ہے۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان اقتصادی مشکلات میں گھرا ہوا ہے۔ جبکہ گوادر کی تعمیر و ترقی کے ذریعے بلوچستان کی بہتری میں پاکستان کی خوشحالی پنہاں ہے۔ گوادر سے ملک کے دیگر حصوں میں جانے والے راستوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت N-85 پراجیکٹ پر کام کر رہی ہے۔ جو رتوڈیرو سے ہوتی ہوئی گوادر کو ملک کے دیگر حصوں سے ملائے گی۔ حکومت دنیا بھر میں ساحل سمندر پر واقع شہروں کی طرز پر گوادر سٹی کی تعمیر و ترقی کے لئے جامع اور مشترکہ حکمت عملی اختیار کئے ہوئے ہے تا کہ اس منصوبے کے فوائد اور ثمرات مقامی آبادی تک موثر انداز میں منتقل کئے جا سکیں۔


خبر کا کوڈ: 436096

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/436096/بلوچ-عوام-کے-خدشات-دور-ہونے-تک-گوادر-سے-استفادہ-ممکن-نہیں-جنرل-ر-عبدالقادر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org