0
Saturday 31 Jan 2015 20:25

آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، نواز شریف

آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ لاوہر میں انسداد دہشتگردی فورس کے پہلے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمیں ہر حال میں جیتنی ہے کیونکہ یہ پوری قوم کی جنگ ہے اور ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کو جو چیلنج درپیش ہے اس کے لئے ایسی ہی اعلیٰ تربیتی فورس کی ضرورت ہے جو دہشت گردی کا خاتمہ کر سکے، عوام کی حفاظت اور امن وامان ہماری پہلی ترجیح ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمیں ہر حال میں جیتنی ہے کیونکہ یہ پوری قوم کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایک جانب جہاں ہماری پاک فوج شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے تو وہیں دوسری جانب نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑا جا رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری معاشی اور معاشرتی بقا کا معاملہ ہے اور اس کے خلاف پوری قوم اور اداروں نے متفقہ فیصلہ دیا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب انسداد دہشت گردی فورس کے پہلے دستے کے نام ہے جو پاس آؤٹ ہو رہا ہے، فورس کی ٹریننگ میں پاک فوج، پولیس اور متعلقہ اداروں نے حصہ لیا جب کہ اس کے قیام اور ٹریننگ کے لئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی عمدہ کردار ادا کیا، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں اور امید ہے کہ دیگر صوبے بھی جلد انسداد دہشت گردی فورس بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس کو ہزاروں اہلکاروں تک لے جائیں گے، جس سے شہریوں کو تحفظ کا احساس ہو گا، فورس کو جدید ترین اسلحے سے لیس کیا جائے گا جس کے بعد فورس کے ہاتھوں کوئی مجرم نہیں بچنا چاہئے جب کہ اس حوالے سے جلد آرمی چیف کے ہمراہ کراچی اور کوئٹہ جاؤں گا جہاں سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے شکار پور واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے لیکن ایسے واقعات نے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے اور جب قوم متحد ہو تو کسی چیلنج سے نمٹنا مشکل نہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ توانائی کا بحران بھی ہمارے لئے چیلنج ہے، ہمارے پچھلے دور حکومت میں ایسے مسائل نہیں تھے جیسے آج ہیں، بجلی بحران کے خاتمے کے حوالے سے کوئی دعویٰ نہیں کرتا لیکن اپنی مدت میں ہی اس مسئلے کو ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 436259
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش