0
Sunday 1 Feb 2015 22:51

مصری عدالت نے القسام بریگیڈ کو 'دہشت گرد' قرار دے دیا

مصری عدالت نے القسام بریگیڈ کو
اسلام ٹائمز۔ مصر کی ایک عدالت نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری بازو عزالدین القسام بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے اس پر پابندی عاید کر دی ہے۔ حماس نے سیاسی اہمیت کے حامل اس عدالتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے خطرناک قرار دیا ہے۔ واضح رہے فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت کرنے والی قاہرہ کی خصوصی عدالت نے متذکرہ فیصلہ ہفتے کے روز سنایا۔ خصوصی عدالت کے جج محمد السید کا یہ فیصلہ ایک مقدمے کی سماعت کے بعد سامنے آیا، جس میں القسام بریگیڈ پر الزام عاید کیا گیا تھا کہ تنظیم نے مبینہ طور پر 24 اکتوبر 2014ء کو جزیزہ نما سیناء کے علاقے میں اخوان المسلمون کی حمایت کی غرض سے دھماکے اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 33 سیکیورٹی اہلکار مارے گئے۔ مصری حکام الزام عاید کرتے ہیں حماس کے زیر نگین غزہ کی پٹی سے مصر میں اسلحہ سمگل کیا گیا جو قاہرہ میں مغرب کی حمایت یافتہ حکومت کے خلاف لڑنے والے عسکریت پسند گروپوں کے ہاتھ لگا۔ غزہ کی سرحد سے ملنے والے مصری علاقے سیناء میں سرگرم جنگجو گروپوں نے قاہرہ میں اخوان المسلمون کے حمایت یافتہ صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی فوجی طاقت کے بل بوتے پر اقتدار سے رخصتی کے بعد سیکڑوں پولیس اور سیکیورٹی اہلکار ہلاک کئے ہیں۔ یہ بغاوت اب مصر کے طول و عرض میں پھیل چکی ہے۔

بعد ازاں مصر کے صدر ریٹائرڈ جنرل عبدالفتاح السیسی نے فوج کی سپریم کونسل کے اجلاس کی صدارت کے بعد سرکاری ٹی وی پر اپنے بیان میں کہا "کہ ملک کو عسکریت پسندی کے خلاف طویل اور کٹھن جنگ کا سامنا ہے۔ یہ جنگ انتہائی بری، طویل اور مشکل ہو گی۔ عبدالفتاح السیسی کا یہ بیان جمعرات کو سیناء کے علاقے میں تین درجن فوجی اور پولیس اہلکاروں کی چار الگ الگ حملوں میں ہلاکت کے بعد سامنے آیا ہے۔ جنرل السیسی نے اخوان المسملون کا نام لئے بغیر کہا کہ مصر کو دنیا کی سب سے بڑی خفیہ تنظیم کا سامنا ہے۔ درایں اثنا میں عبدالفتاح السیسی نے نہر سوئز کے مشرقی علاقے میں آپریشنز اور دہشت گردی کے خاتمے کے متحدہ سیکیورٹی کمان تشکیل دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ تھرڈ فیلڈ آرمی کے کمانڈر اسامہ عسکر کو میجر جنرل سے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کا اعلان کرتے ہوئے السیسی نے انہیں نہر سوئز کے مشرقی علاقے کی کمان بھی سونپ دی۔ ایک فوجی بیان کے مطابق اب نہر سوئز کے مشرقی علاقے میں بھی جزیزہ نما سیناء کی طرز پر فوجی آپریشنز ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 436460
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش