0
Thursday 5 Feb 2015 17:36

منحوس ٹرائی اینگل کشمیر کی آزادی میں حائل ہے، تہور حیدری

منحوس ٹرائی اینگل کشمیر کی آزادی میں حائل ہے، تہور حیدری
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر تہور حیدری نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ منحوس ٹرائی اینگل کشمیر کی آزادی میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے، امریکہ اسرائیل اور بھارت کے متصبانہ رویہ کی وجہ سے کشمیری آزادی کی نعمت سے محروم ہیں، انسانی حقوق کے علمبردار ادارے اور طاقتیں کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دلوانے میں جان بوجھ کر بے مروتی سے کام لے رہی ہیں جبکہ تمام انسانی حقوق کے ادارے کشمیر کی آزادی اور کشمیریوں کے حقوق کے لئے متفق ہیں، امریکہ اسرائیل کے متعصبانہ رویہ کی بنیاد پر بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمان بھائیوں کے ساتھ مذہبی و شعوری رشتہ ہے جو خون کے رشتے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے، کشمیری مسلمانوں پر طویل عرصے سے ظلم وستم ڈھایا جا رہا ہے جو کہ انسانی تاریخ کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مظلوم کشمیری عوام بھارتی فوجی درندوں کا شکار ہو رہے ہیں، آئے روز کشمیری مسلمانوں کو قتل کیا جاتا ہے یا بغیر مقدمات سالہا سال قید و بند کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اس کے باوجود اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظمیں، بھارتی مظالم پر خاموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے جس کے لئے تمام امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ متحد ہو کر کشمیرکی آزادی کے لئے آواز بلند کرے، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو وطن عزیز کی شہ رگ قرار دیا جبکہ شاعرمشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے تصور پاکستان کے مطابق پاکستان قائم ہو گیا، جس کی تکمیل کشمیر کی آزادی کے بغیر مکمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی حکمران اس مسئلہ کو سنجیدگی سے حل کرنے کی کوشش کرتے تو آج کشمیری عوام بھارتی مظالم سے چھٹکارا حاصل کر لیتے، بھارت اور امریکہ کا حالیہ گٹھ جوڑ پاکستان اور اسلام کے لئے خطرہ ہے، بھارت امریکہ کے ساتھ ملک بھر خطے میں بدامنی کی فضاء پھیلانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے ہمیشہ دنیا کے ظالمین کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت سے اظہار برات کرتے ہیں مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ بھارتی تشدد اور ہٹ دھرمی آزادی کی جدوجہد کو ختم نہیں کر سکتا ہے، کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہو گا کیونکہ کشمیری مظلوم قوم استقامت کا پہاڑ بن کر بھارتی مظالم کا سامنا کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 437629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش