QR CodeQR Code

مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دینا ہے، وسیم اختر

5 Feb 2015 20:08

اسلام ٹائمز: ملتان میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کے حکمرانوں کی بے حسی اور پاکستانی حکمرانوں کی بزدلی کی و جہ سے نہ تو مسئلہ کشمیر حل ہو رہا ہے اور نہ ہی مسئلہ فلسطین حل ہو رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وپارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں اور ان کی تحریک آزادی کشمیر کی تحریک کے ساتھ ہے اور ان کی جدوجہد آزادی کی مکمل پشتی بان ہے۔ کشمیری کسی زمین کے ٹکڑے کے لیے نہیں بلکہ پاکستان سے الحاق اور پاکستان کی تکمیل کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، کشمیری ہر سال 14 اگست کو پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو اپنے گھروں، دکانوں اور دفاتر پر لہرا کر اور بھارت کے یوم آزادی اور یومِ جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر پوری دنیا کے لوگوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہم صرف پاکستان کے ساتھ ہیں۔ کشمیر ہمارا وطن ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لفظ میں ک کا حرف کشمیر کو ظاہر کرتا ہے۔ اس لیے کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔

انھوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے حکمرانوں کی بے حسی اور پاکستانی حکمرانوں کی بزدلی کی و جہ سے نہ تو مسئلہ کشمیر حل ہو رہا ہے اور نہ ہی مسئلہ فلسطین حل ہو رہا ہے۔ اگر مسلمان ممالک کے حکمران متحد اور یکسو ہو کر صرف بھارت کے ساتھ تجارتی رابطے ختم کر دیں اور اس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کر دیں تو بھارت چند دنوں میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنے پر مجبور ہو گا۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کاحق دینا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان میں ایک اسلامی اور جرات مند قیادت کی حکومت ہو۔ اسلامی پاکستان ہی خوش حال پاکستان اور جرات مند پاکستان ہو گا، جس سے مسئلہ کشمیر ہی حل نہیں ہوگا بلکہ دنیا پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ایک توانا آواز ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 437698

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/437698/مسئلہ-کشمیر-کا-حل-اقوام-متحدہ-کی-قراردادوں-کے-مطابق-کشمیریوں-کو-استصواب-رائے-حق-دینا-ہے-وسیم-اختر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org