QR CodeQR Code

جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا بھارت سے دوستی نہیں ہو سکتی، سراج الحق

5 Feb 2015 20:22

اسلام ٹائمز: مظفر آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کشمیری عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کرے، بھارت کو سلامتی کونسل کی رکنیت کشمیر کی آزادی سے مشروط ہونی چاہئے۔


اسلام ٹائمز۔ یوم یکجہتی کشمیر پانچ فروری پوری دنیا سمیت ملک بھر میں جوش و جذبہ اور اس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا کشمیری عوام کی سیاسی و اخلاقی مدد جاری رکھی جائے گی۔ جماعت اسلامی کی طرف سے پورے ملک میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بڑی بڑی ریلیاں نکالی گئیں اور جلسے جلوس اور سیمینارز منعقد کئے گئے جن میں ملک کے لاکھوں عوام نے شرکت کی۔ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی درالحکومتوں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں یوم یکجہتی پر پوری قوم سڑکوں پر نکل آئی۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے پاکستان اور کشمیر کو ملانے والے کوہالہ پل پر کشمیری قیادت کے ساتھ ہاتھوں کی زنجیر بنائی، مظفر آباد میں مرکزی ریلی کی قیادت کی اور عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم نے اسلام آباد، حافظ محمد ادریس نے گوجرانوالا، اسد اللہ بھٹو نے کوئٹہ، راشد نسیم نے سکھر، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کراچی، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے لاہور، ڈاکٹر سید وسیم اختر نے ملتان، پروفیسر محمد ابراہیم اور صاحبزادہ طارق اللہ نے پشاور میں بڑی بڑی ریلیوں کے قیادت کی اور ریلیوں کے شرکاء سے خطاب کیا۔

جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق سراج الحق نے مظفرآباد میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، ہم کسی قیمت پر بھی کشمیر کی آزادی کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہو سکتے۔ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا بھارت سے دوستی نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ جو اس مسئلہ کے ذمہ دار ہیں انہیں اس کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروانا چاہئے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت لانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جان لے کہ وہ کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو شکست نہیں دے سکتا، جب تک کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا آزادی کی یہ جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنی بے مثال جدوجہد سے شکست بھارت کے ماتھے پر لکھ دی ہے، کشمیر بھارت کے قبضہ سے آزاد ہو کر رہے گا اور آزادی کشمیریوں کا مقدر بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، جب تک ہماری شہ رگ دشمن کے قبضہ میں ہے ہم امن و سکون کی زندگی نہیں گزار سکتے، انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارتی قبضہ پاکستان کی بقا اور سالمیت کے لئے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے دورہ بھارت کے موقع پر کشمیر پر بات نہ کر کے انصاف کا قتل عام کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سکاٹ لینڈ، مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان میں ریفرنڈم ہو سکتا ہے تو کشمیر میں کیوں نہیں ہو سکتا۔ سراج الحق نے کہا کہ بھارت نے آٹھ لاکھ فوج کے ذریعہ کشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے، کشمیری عوام 70 سال سے بھارت کے ظلم و جبر کا شکار ہیں، لاکھوں نوجوانوں نے آزادی کیلئے شہادتیں دیں اور اپنا جوان خون اس تحریک آزادی کو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیری عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کرے، بھارت کو سلامتی کونسل کی رکنیت کشمیر کی آزادی سے مشروط ہونی چاہئے، انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم ملزوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کا رویہ انتہا پسندانہ اور ظالمانہ ہے، کشمیر کے مسئلہ پر پاکستانی حکمرانوں نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔


خبر کا کوڈ: 437701

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/437701/جب-تک-کشمیر-کا-مسئلہ-حل-نہیں-ہوتا-بھارت-سے-دوستی-ہو-سکتی-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org