0
Saturday 7 Feb 2015 22:02

معاملات طے پاگئے، ایم کیو ایم سندھ حکومت میں شمولیت پر رضا مند ہوگئی ہے، رحمان ملک

معاملات طے پاگئے، ایم کیو ایم سندھ حکومت میں شمولیت پر رضا مند ہوگئی ہے، رحمان ملک
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سے تمام معاملات طے پاگئے ہیں اور وہ سندھ حکومت میں شمولیت پر اصولی طور پر رضا مند ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما رحمان ملک نے کہا کہ ایم کیو ایم سندھ حکومت میں پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر کام کرے گی، جس کے لئے تقریباً تمام معاملات طے پاگئے ہیں، جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے بھی سندھ حکومت میں شمولیت کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میں جو ایم کیو ایم کا حق بنتا ہے وہ انہیں ملے گا، جبکہ سینیٹ میں بھی دونوں جماعتوں کا اتحاد ہوگا۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ الطاف حسین اور آصف زرداری کے درمیان ہونے والی بات چیت نے ماضی کی تلخیاں بھلا دی ہیں، جس کے بعد شریک چیئرمین کی ہدایت پر الطاف حسین سے ملاقات کے لئے لندن جا رہا ہوں۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما بابر غوری کا کہنا تھا کہ کافی عرصے بعد ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان پہلا رابطہ ہوا ہے, تاہم مزید بات چیت بھی ہوگی، گزشتہ رات ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں الطاف حسین نے آصف زرداری کو ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کی سازش سے آگاہ کیا، اگر پیپلز پارٹی اچھی نیت کے ساتھ آئی تو معاملات طے پا جائیں گے اور ایم کیو ایم کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ سندھ کی عوام کی بہتری اور شہری آبادی کے حقوق کے لئے ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اپنی ٹیم کو ایم کیو ایم سے بات چیت کیلئے ہدایت کریں گے، تاہم پیپلز پارٹی کے ساتھ معاملات طے ہونے کی کوئی بات ہوئی تو ہم خود میڈیا کو آگاہ کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات آصف زرداری نے الطاف حسین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا، جس میں ماضی کی تلخیاں اور بدگمانیاں بھلا کر سندھ میں ساتھ چلنے پر اتفاق کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 438346
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش