0
Saturday 7 Feb 2015 23:56

محکمہ داخلہ پنجاب نے 18 ویں ریڈ بک 2015ء جاری کر دی

محکمہ داخلہ پنجاب نے 18 ویں ریڈ بک 2015ء جاری کر دی
اسلام ٹائمز۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے ذیلی ادارے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی تفصیلات پر مبنی نئی ریڈ بک جاری کر دی ہے۔ 18ویں ریڈ بک کے 2015ء کا نیا ایڈیشن پولیس افسروں کو بھجوا دیا گیا ہے۔ ریڈ بک میں مختلف گروپوں سے تعلق رکھنے والے 120 دہشت گردوں کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ 87 دہشت گردوں کے سر پر لگی قیمت کی تفصیل بھی ریڈ بک میں شامل کی گئی ہے۔ خودکش حملوں میں مطلوب 20 دہشت گردوں کی تفصیلات کو بھی ریڈ بک کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں میں مطیع الرحمان کے سر کی قیمت سب سے زیادہ ایک کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔ دہشت گرد مطیع الرحمان کے خلاف 5 مقدمات کا بھی ذکر کیا گیا ہے جن میں سابق صدر پرویز مشرف اور سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے جلسے پر خود کش حملہ کیس شامل ہیں۔ ریڈ بک میں منصورر عرف چھوٹا، قاری احسان الحق، رانا محمد افضل اور قاری عبیداللہ کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ فرقہ وارانہ کیس میں ملوث افضال حسین کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ دہشت گرد زہیر عرف صغیرا کے سر کی قیمت 25 لاکھ اور امجد عباس کی 20 لاکھ قیمت مقرر کی گئی ہے۔ دیگر 6 دہشت گردوں کی قیمت 20 لاکھ، 15 دہشت گردوں کے سر کی قیمت 10 لاکھ، 18 دہشت گردوں کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے، 5 دہشت گردوں کے سر کی قیمت 3 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ ریڈ بک میں شامل 6 دہشت گردوں کے سر کی قیمت 2 لاکھ اور باقی دہشت گردوں کے سروں کی قیمت ایک ایک لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ریڈ بک میں شامل تمام دہشت گردوں کو ہر صورت گرفتار کیا جائے اور اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 438393
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش