0
Sunday 8 Feb 2015 10:58

مجمع اہل بیت کی عدم فعالیت کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، علامہ نیاز نقوی

مجمع اہل بیت کی عدم فعالیت کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، علامہ نیاز نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجمع اہل بیت پاکستان کے ناظم اعلٰی علامہ قاضی نیاز نقوی نے مجمع کی عدم فعالیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بنیادی کام جو انجام دیئے جانے چاہیئے تھے، انجام نہیں دیئے جاسکے، آخری دو سالوں میں مجمع اہل بیت پاکستان کی کارکردگی صفر رہی، اس میں قصور بھی ہے، تقصیر بھی، تسلیم کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار ناظم اعلٰی مجمع اہل بیت پاکستان نے اسلام آباد میں منعقدہ مجلس عمومی کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر قاضی نیاز نقوی نے واضح کیا کہ مجمع اہل بیت پاکستان خالصتاً پاکستانی ادارہ ہے، جس کی سپریم کونسل اور دیگر شعبے پاکستانی علماء پر مشتمل ہیں۔ علامہ قاضی نیاز نقوی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسلامی جمہوری ایران سے ہمارے روابط موجود ہیں، جن کی بنیاد شیعیت ہے۔

اجلاس کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے قاضی نیاز نقوی نے کہا کہ مجمع کی تشکیل کے وقت پاکستان کے لئے سات سو مبلغین درکار تھے۔ کوشش کی گئی کہ پاکستان کی اس ضرورت کو پورا کیا جائے، یہ سلسلہ چار سال تک چلا، ہر صوبے میں رابطہ کار بنائے گئے، سیار مبلغ کو آٹھ ہزار دیئے جاتے تھے، رسائل و جرائد کا اجراء بھی کیا گیا، لیکن یہ تمام امور عدم امکانات اور پیسہ کی عدم دستیابی کے باعث نہ چل سکے۔ اس موقع پر جامعہ بعثت پاکستان کے مدیر علامہ سید مظہر کاظمی نے درد دل کا برملا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہم سے پیسے نہیں مانگے، ابھی مانگیں، ہم دیں گے۔ آقائے نیاز نقوی نے کہا کہ معذرت خواہ ہوں، جو گزرا ہمیں معاف کر دیں، بہتر ہوگا کہ جوان اور اچھا دبیر چن لیا جائے، میں رسمی طور پر مستعفی ہوتا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 438451
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش