QR CodeQR Code

نواز شریف کا مزید اقتدار میں رہنا ملکی سالمیت کیلئے خطرے کا باعث ہے، عبوری حکومت قائم کی جائے، پرویز مشرف

9 Feb 2015 00:21

اسلام ٹائمز: ایک خصوصی انٹرویو میں آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ملک میں بدامنی، بیروزگاری اور لاقانونیت اور کرپشن کی اور سفارشی کلچر نے جڑیں پکڑ لی ہیں جس سے عام غریب کے حقوق غصب کئے جارہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نواز شریف کا مزید اقتدار میں رہنا ملکی سالمیت کیلئے خطرے کا باعث ہے۔ ملک میں عبوری حکومت قائم کرکے انتخابی اصلاحات کی جائیں۔ اسلامی خداداد مملکت میں جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔ ایک خصوصی انٹرویو میں سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کو پروان چڑھایا جارہا ہے، ملک میں بدامنی، بیروزگاری اور لاقانونیت اور کرپشن کی اور سفارشی کلچر نے جڑیں پکڑ لی ہیں جس سے عام غریب کے حقوق غصب کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں تیسری سیاسی قوت کا سامنے آنا ضروری ہے۔ نئی سیاسی قوت کے قیام میں مدد دینا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تیسری سیاسی قوت کیلئے وہ سندھ میں ایم کیو ایم اور پیر پگارا جبکہ پنجاب میں لیگی دھڑوں اور پی ٹی آئی کے کردار کو اہم سمجھتے ہیں۔

سابق صدر پرویز مشرف نے مزید کہا کہ ان کے خلاف مقدمات میں بہتری آرہی ہے۔ ماضی میں سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری ان کے خلاف مقدمات پر اثر انداز ہوئے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ بے نظیر قتل میں انھیں بلا وجہ ہی ملوث کیا گیا، یہ بات تو آصف زرداری بھی جانتے ہیں۔ سابق صدر نے واضح کیا کہ اربن سندھ میں ایم کیو ایم کا اہم سیاسی کردار ہے۔ اربن اور رورل سندھ کو اکھٹا ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ میرے دور اقتدار میں خیرپور لاڑکانہ، سکھر اور دادو کی پلیں بنیں جبکہ گذشتہ سات سالہ دور اقتدار میں عوام کیلئے کوئی بھی ترقیاتی کام اندرون سندھ میں نہیں کروائے گئے، لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کو الٹا لٹکا کر ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے۔ الطاف حسین کی جانب سے آئی ایس آئی کے خلاف الزامات پر سابق صدر نے کہا کہ وہ اس اتفاق نہیں کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 438587

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/438587/نواز-شریف-کا-مزید-اقتدار-میں-رہنا-ملکی-سالمیت-کیلئے-خطرے-باعث-ہے-عبوری-حکومت-قائم-کی-جائے-پرویز-مشرف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org