0
Monday 9 Feb 2015 19:25

عمران خان کے بیانات سے کراچی کے حالات خراب ہوئے تو ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی، ایم کیو ایم

عمران خان کے بیانات سے کراچی کے حالات خراب ہوئے تو ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی، ایم کیو ایم
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پریس کانفرنس پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی پالیسیاں طالبان والی ہیں، جبکہ تحریک طالبان ان کا مسلح ونگ ہے، وہ جے آئی ٹی رپورٹ پڑھے بغیر ایم کیو ایم پر من گھڑت الزامات لگا رہے ہیں، اگر اس صورتحال میں کراچی کے حالات خراب ہوئے تو ذمہ دار نواز لیگ کی وفاقی حکومت ہوگی۔ نجی چینل سے خصوصی گفتگو میں ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ عمران خان کی پالیسیاں طالبان والی ہیں اور مسلح ونگ کی باتیں کرنے والے تحریک طالبان پاکستان کے حامی ہیں، جبکہ تحریک طالبان ان کا مسلح ونگ ہے اور وہ ملک میں ٹی ٹی پی کے دفتر کھولنے کی بھی بات کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بم دھماکوں کا الزام وفاق اور صوبوں پر لگایا، وفاق کو ان سے خطرہ ہے، جبکہ سیاست میں گالی اور بدتمیزی سے بات کرنے والے ذہنی مریض بھی عمران خان ہیں، لہٰذا انہیں چیک اپ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ایم کیو ایم پر لگائے گئے بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کو مسترد کرتے ہیں، اگر عمران خان کو عدالت جانا ہے تو چلے جائیں، انہیں ایک مرتبہ پھر منہ کی کھانا پڑے گی۔

ایم کیو ایم کے سابق صوبائی وزیر رؤف صدیقی نے کہا کہ عمران خان کے بیان پر عوامی ردعمل روک رہے ہیں، عمران خان خود تو عیاشیوں میں مصروف ہیں اور انہیں قوم کی کوئی فکر نہیں ہے۔ واسع جلیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کردار سے پورا پاکستان واقف ہے، جبکہ ان کے پاس کوئی پارٹی بھی نہیں دیگر جماعتوں کے لوگ ہیں، عمران خان نے دھرنوں میں لوگوں کو بے وقوف بنایا اور اب جے آئی ٹی کی رپورٹ پڑھے بغیر بیانات دے رہے ہیں، اگر اس کے باعث کراچی کے حالات خراب ہوئے تو ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی۔ دوسری جانب رابطہ کمیٹی نے عمران خان کے بیان پر کارکنان کو پُرامن رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام و کارکنان کسی بھی افواہ پر کان نہ دھریں، عمران خان کے جواب میں کارکنان صبر و برداشت کا مظاہرہ کریں، جبکہ عوام معمولات زندگی اور کاروبار معمول کے مطابق جاری رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 438824
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش