QR CodeQR Code

لندن میں سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی الطاف حسین سے اہم تفصیلی ملاقات

10 Feb 2015 14:29

اسلام ٹائمز: ملاقات میں طے کیا گیا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی سینیٹ الیکشن میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گی، دونوں جماعتوں کے مابین سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگی، جس کے تحت پیپلز پارٹی کو سات اور ایم کیو ایم کو چار سیٹیں ملیں گی۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی اوورسیز کے صدر سینیٹر رحمان ملک نے لندن میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات تین گھنٹے تک جاری رہی، جس میں سینیٹ الیکشن، ایم کیو ایم پیپلز پارٹی تعلقات، سیاسی صورتحال اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاسی ماحول کو بہتر بنانے کیلئے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے مابین سیاسی مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ملاقات میں طے کیا گیا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی سینیٹ الیکشن میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گی۔ دونوں جماعتوں کے مابین سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگی۔ اس سیٹ ایڈجسٹمنٹ فارمولے کے تحت پیپلز پارٹی کو سات اور ایم کیو ایم کو چار سیٹیں ملیں گی۔ ملاقات میں چند روز قبل پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور الطاف حسین کے درمیان ہونے والی گفتگو کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں امن و بھائی چارہ اور افہام و تفہیم کی فضاء کو فروغ دینے کیلئے ایم کیو ایم جلد ہی سندھ حکومت میں شامل ہوگی، اس سلسلے میں اس مرتبہ دونوں جماعتوں کے مابین باقاعدہ تحریری معاہدہ ہوگا۔

ملاقات میں طے کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کے مابین طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد اور ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنانے کے لئے ایک کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں دونوں جانب سے دو دو ارکان شامل ہوں گے، تاکہ مستقبل میں دونوں جماعتوں کے مابین پیدا ہونے والے مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کیا جائے، حکومتی معاملات کے حل کیلئے دونوں جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پر مشتمل ایک وزارتی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔ اس موقع پر سینیٹر رحمان ملک نے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ ایم کیو ایم کو اس کا جائز حق ملے گا اور ہر شعبہ میں 40 - 60 کے فارمولے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں جماعتیں مل جل کر سندھ کو ترقی دینے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کا خاتمہ ہو اور پاکستان ان دنوں جن مسائل میں گھرا ہوا ہے، ان سے نکل سکے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ آخر میں رحمان ملک نے الطاف حسین کو بتایا کہ وہ کراچی پہنچتے ہی اس ملاقات کی تفصیلی رپورٹ پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو پیش کریں گے، انکی جانب سے توثیق ہوتے ہی اس پر عمل درآمدکا آغاز کر دیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 439034

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/439034/لندن-میں-سابق-وفاقی-وزیر-داخلہ-رحمان-ملک-کی-الطاف-حسین-سے-اہم-تفصیلی-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org