0
Wednesday 11 Feb 2015 10:34
کراچی میں تحریک انصاف کا جلسہ تو کیا جلسی بھی نہیں ہونے دیں گے

ایم کیو ایم کی الطاف حسین سے اظہار یکجہتی ریلی، عمران خان پر الزامات کی بھرمار

ایم کیو ایم کی الطاف حسین سے اظہار یکجہتی ریلی، عمران خان پر الزامات کی بھرمار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام منگل کو اپنے قائد الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے عائشہ منزل سے مزارقائد تک ریلی نکالی گئی، ریلی میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور کارکنوں سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے مرکزی رہنماﺅں نے موٹر سائیکل پر ریلی میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکا مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے شاہراہ قائدین پہنچے۔ رابطہ کمیٹی کے جوائنٹ انچارج عامر خان اور حیدر عباس رضوی نے موٹر سائیکل پر ریلی میں شرکت کی۔ شاہراہ قائدین پر جلسے کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماﺅں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور الزامات کی بھرمار کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما اور جوائنٹ انچارج رابطہ کمیٹی خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستانیو جان لو! عمران خان رانگ نمبر ہے، عمران خان قوم کو رانگ سائیڈ پر لے جا رہا ہے، دہشت گردوں کا دوست، اپنا بھائی کہنے اور سیاسی حمایت کرنے والا بھی دہشت گرد ہے، دہشت گردوں کے حامیوں کو بھی فوجی عدالتوں میں پیش کیا جائے، دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

سینٹر بابر غوری نے کہا کہ عمران خان نے کراچی اور مہاجروں کے ساتھ دشمنی کی، لوگ تو اپنے بچوں کو گلے سے لگاتے ہیں، عمران خان تم اپنی بچی کو بھی گلے سے لگالو، جو آدمی اپنی بیٹی کو انصاف نہ دے سکے، وہ کون سے انصاف کی بات کر رہا ہے۔ بابر غوری نے کہا کہ عمران خان کے خط کو ہم عدالت میں جھوٹا ثابت کرکے دکھائیں گے، سب جانتے ہیں کپتانی کے دور میں عمران خان نے کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ کیا کیا، عمران خان نے جاوید میانداد کو ریکارڈ نہیں توڑنے دیا اور اننگز ڈکلیئر کر دی۔ بابر غوری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایسی گورننس ہے کہ سانحہ پشاور ہو گیا،کراچی میں کہیں آگ لگتی ہے تو الطاف بھائی جاگتے ہیں، خالد مقبول، بابر غوری، فاروق ستار کو وہاں بھیجتے ہیں، اب کراچی والے تحریک انصاف کا جلسہ تو کیا جلسی بھی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم ایف آئی ٹی بھگت چکی ہے، اب جے آئی ٹی بھی بھگت لے گی، ایک طرف سانحہ پشاور ہوا اور ایک طرف عمران خان شادی کر رہے تھے، عمران خان اپنے بچوں کو پاکستان منتقل کریں۔

فاروق ستار نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کا سمندر عمران خان کی غیر مہذب زبان کا جواب دینے کے لئے جمع ہے، عمران خان کو الطاف بھائی کے کردار پر مناظرے کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی محبت عوام میں پھیلانا چاہتے ہو تو صرف 6 مہینے کیلئے بیرون ملک چلے جاﺅ، ہماری مجبوری تھی کہ الطاف بھائی کو بیرون ملک رہنا پڑا، الطاف بھائی کا یہ کردار ہے کہ انہوں نے اپنے دشمن سے بھی محبت کی ہے۔ فاروق ستارنے کہا کہ ہم عمران خان کی بیٹی کو ان سے ملانے کے لیے یہاں آئے ہیں، ہم قائد سے الگ نہیں ہو سکتے لیکن عمران خان تم اپنی بیٹی سے مل لو، اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جب تک بیٹی کو باپ سے نہ ملا دیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ الطاف بھائی 20 سال سے بیرون ملک ہیں لیکن پارٹی متحد ہے، عمران خان بیرون ملک گئے تو ان کی پارٹی میں صرف انتشار ملے گا، کل بھی لندن گئے تھے تو منہ کالا ہوا، آج بھی لندن جاﺅ گے تو منہ کالا ہوگا، اس محاذ آرائی کا مقصد پاکستان کی تاریخ کی سب سے اہم جنگ کو متاثر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان طالبان کو بچانے کیلئے قومی یکجہتی کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، طالبان نے عمران خان کی انتخابی مہم چلائی، تم نے پہلے بھی تیر آزمایا اور ہم نے جگر آزمایا۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ جو خالی کرسیوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلائے، ایسے شخص کو کیا کہیں گے، آپ انصاف کا ذکر کرتے ہیں تو انصاف کی بات بھی کریں، آپ نے آج تک پاکستانیوں اور پاکستان کیلئے انصاف نہیں کیا، غریب کے بچے کو آپ نے ٹکٹ نہیں دیا۔ فیصل سبزواری نے کہا کہ عمران خان نے ہر لیڈر کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی، اگر ایم کیو ایم کے جلسے بندوقوں کے زور پر دکھائے جاتے ہیں، تو کیا دھرنا توپوں کے زور پر دکھایا گیا۔ فیصل سبزواری کا مزید کہنا تھا کہ جو شخص کہے کہ وہ کبھی نائن زیرو نہیں گیا وہ سب سے بڑا جھوٹا ہے، ستمبر 1996ء میں ایسا کلپ موجود ہے جس میں وہ نائن زیرو میں موجود ہیں اور تعریف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولتے ہیں کہ انہوں نے اپنی پارٹی میں الیکشن کرائے، آپ نے جھوٹ بولا کہ آپ غریبوں کو اسمبلیوں میں لائیں گے، عمران خان نے کہا کہ طالبان ہمارے ناراض بھائی ہیں، طالبان عمران خان کے بھائی ہیں، طالبان نے لاکھوں لوگوں کو مارا۔ روف صدیقی نے کہا ہے کہ طالبان نے عمران خان کو الیکشن جتوایا، برطانوی اخبارات عمران خان کو پلے بوائے لکھتے ہیں، عمران خان کی عادتیں بچپن سے ہی خراب ہیں۔
خبر کا کوڈ : 439230
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش