0
Friday 13 Feb 2015 00:13

لاہور پولیس شرپسند عناصر کی سرکوبی کیلئے چوکس ہے، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز

لاہور پولیس شرپسند عناصر کی سرکوبی کیلئے چوکس ہے، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز
اسلام ٹائمز۔ آئی جی پولیس مشتاق احمد سکھیرا کی ہدایت کے مطابق سی پی او کی ری سٹرکچرنگ کے بعد متعلقہ شعبوں میں کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز رائے الطاف حسین کی سربراہی میں پہلا اجلاس سی پی او لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ایلیٹ پولیس فورس اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ محمد طاہر، ڈی آئی جی وی اینڈ آئی محمد عظیم خان لغاری، کمانڈر ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کرنل (ر) سعد سلیم، اے آئی جی آپریشنز کیپٹن (ر) رومیل اکرم، اے آئی جی انسپکشن وقاص الحسن، اے آئی جی ویجیلنس  محمد احسن یونس، اے آئی جی کمپلینٹس فیصل علی راجہ، اے آئی جی کاشف مشتاق کانجو، ایس پی کنٹرول روم یاسمین بشیر نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام شعبوں میں آئی جی کی ہدایات پر جاری کئے گئے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ 

ڈی آئی جی ایلیٹ محمد طاہر نے ایلیٹ پولیس اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی ڈویلپمنٹ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس وقت پنجاب میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں کل 164 ترقیاتی منصوبوں پر 4 ہزار سے زائد غیر ملکی ماہرین کی سکیورٹی کے لئے ایلیٹ اور ایس پی یو کے 3 ہزار اہلکار سکیورٹی کے فرائض ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر اے آئی جی انسپکشن وقاص الحسن نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت کے مطابق مال خانوں کی انسپکشن کا کام دیئے گئے 2 ماہ کے ٹائم فریم میں مکمل کر لیا جائے گا اور اس کے لئے ایس ایس پی عبدالرب کی زیرنگرانی ایک 3 رکنی ٹیم دن رات مال خانوں کی انسپکشن پر کام کر رہی ہے۔ اے آئی جی آپریشنز رومیل اکرم نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلہ میں پنجاب پولیس کی کارکردگی  کے بارے میں بتایا کہ کرایہ داری آرڈیننس کی خلاف ورزی پر اب تک 1005 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور 1362 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں 569 مالکان، 420 کرائے دار، 21 پراپرٹی ڈیلر اور 352 مالکان کے منیجرز کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں 75 افراد کو خلاف ورزی کرنے پر جرمانے کئے گئے ہیں۔ اے آئی جی آپریشنز نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ موصول ہونے والے تھریٹس الرٹ کو تمام ایجنسیوں کے باہمی تعاون سے متعلقہ اداروں اور شخصیات کو فوری طور پر آگاہ کرنے اور صوبے بھر میں سرپرائز ناکے لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لئے پولیس فورس چوکس ہے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔
خبر کا کوڈ : 439833
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش