QR CodeQR Code

ایم کیو ایم کے 3 کارکنوں کی ہلاکت کا معاوضہ ادا کرنے کا حکم

13 Feb 2015 13:22

اسلام ٹائمز: فاضل بینچ نے حکومت کے رویے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ وہ اس حکم پر عملدرآمد رپورٹ کرا کے 3 ہفتے میں رپورٹ پیش کریں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم کے 3 مقتول کارکنوں کے اہل خانہ کو 3 ہفتے میں معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مقتول کارکنوں کے اہل خانہ کی درخواستوں کی سماعت کی۔ حسنین بخاری ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ کاشف قیوم، شیخ عارف اللہ اور محمد آصف کو شہر کے مختلف علاقوں سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لیا تھا، لیکن سندھ ہائیکورٹ میں ان کی گمشدگی کے خلاف درخواستیں دائر ہونے کے بعد ان کی لاشیں ملیں۔ درخواست  گزاروں کے وکیل نے بینچ کی توجہ مبذول کراتے ہوئے نشاندہی کی کہ عدالت نے ڈیڑھ سال قبل ان کارکنوں کی ہلاکت کا معاوضہ ان کے اہل خانہ کو ادا کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن اس حکم پر تاحال عمل نہیں ہو سکا۔ بینچ کو بتایا گیا کہ عدالت نے اپنے حکم میں متوفیان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی حکومت کو ادا کرنے کی ہدایت کی تھی، اس لئے حکام کو ہدایت کی جائے کہ وہ اس حکم پر عمل کریں۔ فاضل بینچ نے حکومت کے رویے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ وہ اس حکم پر عملدرآمد رپورٹ کرا کے 3 ہفتے میں رپورٹ پیش کریں۔


خبر کا کوڈ: 439909

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/439909/ایم-کیو-کے-3-کارکنوں-کی-ہلاکت-کا-معاوضہ-ادا-کرنے-حکم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org