0
Saturday 14 Feb 2015 11:16

سینٹ انتخابات، کاغذات جمع کرانے کا مرحلہ ختم

سینٹ انتخابات، کاغذات جمع کرانے کا مرحلہ ختم
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف نے خیبرپی کے سے سینٹ انتخابات کے لئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔ تفصیلا ت کے مطابق سینٹ انتخابات کے لئے تحریک انصاف نے اپنے ۱۰ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔ جنرل نشستوں پر محسن عزیز، شبلی فراز، فضل محمد خان اور بیرسٹرسلمان آفریدی کو جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر نعمان وزیر اور لطیف یوسفزئی کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اسی طرح اقلیتی نشستوں پر جان کینیٹ ولیم اور روی کمار کو ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کی ۱۰ نشستوں پر ۱۳۱ امیدواروں کی جانب سے درخواستیں جمع کرائی گئی تھیں، جن میں ۸۰ افراد نے جنرل نشست اور ۵۱ نے ٹیکنوکریٹ، خواتین اور اقلیتی نشستوں کے لئے درخواستیں جمع کرائیں جبکہ وزیراعلی خیبرپی کے پرویز خٹک کی بھابھی نفیسہ بی بی نے بھی درخواست جمع کرائی تھی لیکن انہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے اندرونی اختلافات ختم کرنے کیلئے اعظم سواتی اور خالد مسعود کے نام واپس لے لئے اس سے قبل پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ کو تحریک انصاف خیبر پی کے کے صوبائی صدر اعظم سواتی اور جنرل سیکرٹری خالد مسعود کے نام بھی جاری کئے گئے تھے تاہم پارٹی میں اندرونی اختلافات کے پیش نظر یہ دونوں نام واپس لے لئے گئے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے ارکان نے عوامی جمہوری اتحاد کے رہنما اور صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی کے والد لیاقت ترکئی کو ٹکٹ دینے کی مخالفت کی ہے۔ پی ٹی آئی کے ہم خیال گروپ کا کہنا ہے کہ شہرام ترکئی نے صوبائی وزیر صحت بننے سے پہلے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنی جماعت کو پی ٹی آئی میں ضم کریں گے۔ لیاقت ترکئی پہلے عوامی جمہوری اتحاد کو پی ٹی آئی میں ضم کریں اس کے بعد ہی ان کی حمایت کی جائے گی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی شفاف انتخابات کی خواہشمند ہے، ایم این اے اور ایم پی ایز کے رشتہ داروں کو ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا روٹھنے منانے کی سیاست سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 440183
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش