0
Sunday 15 Feb 2015 10:15

بلوچستان میں بجلی کے 2 ٹاور پھر تباہ، صوبے بھر میں بجلی معطل

بلوچستان میں بجلی کے 2 ٹاور پھر تباہ، صوبے بھر میں بجلی معطل
اسلام ٹائمز۔ نصیر آباد کے علاقے چھتر میں نامعلوم شرپسندوں نے گدو تھرمل پاور سے کوئٹہ جانے والی بجلی کی ہائی ٹرانس میشن لائن کے دو ٹاوروں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا۔ دھماکے کے نتیجے میں دونوں ٹاور زمین بوس ہوگئے۔ جسکے بعد صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 29 اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کیسکو حکام نے ٹاورز کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بجلی کی ہائی ٹرانس میشن لائن کے دو ٹاوروں کے تباہ ہونے سے بلوچستان میں بجلی کا بدترین شارٹ فال پیدا ہوا ہے۔ تاہم متبادل لائن سے کوئٹہ سمیت 29 اضلاع کو جزوی طور پر بجلی کی سپلائی فراہم کی جا رہی ہے۔ کیسکو حکام نے بتایا کہ دھماکہ چھتر کے علاقے میں کیا گیا جہاں پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر امدادی ٹیم کو روانہ نہیں کیا گیا۔ جیسے ہی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کلیئرنس ملتی ہے۔ ٹاورز کی مرمت کا کام شروع کرانے کیلئے امدادی ٹیم روانہ کی جائے گی۔ یاد رہے کہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران نصیرآباد میں بجلی کے ٹاورز کو اڑانے کا یہ چھٹا واقعہ پیش آیا ہے۔ جسکی وجہ سے صوبے بھر میں بجلی کا بدترین بحران پیدا ہوا ہے اور کیسکو کی جانب سے بجلی کا شارٹ فال بڑھ جانے کے باعث صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو 16 گھنٹے اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز کو 8 گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ بجلی بحران کے باعث معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہو کر رہ گئی ہے جبکہ سینکڑوں ٹیوب ویل بھی بند ہوگئے۔ زراعت کے شعبے کو بھی لاتلافی نقصان کا سامنا ہے اور پینے کے پانی کا بھی بدترین بحران پیدا ہوا ہے۔
صحافی : اعجاز علی اعجاز
خبر کا کوڈ : 440514
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش